وزیراعظم نے اعتماد کا ووٹ لے لیا، بہتر ہے عوام کا بھی حاصل کریں: سراج الحق

Apr 28, 2023

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے مذاکرات کی کامیابی کے لیے سب کو دو قدم پیچھے ہٹنا ہوگا۔ وزیراعظم نے اعتماد کا ووٹ لے لیا، بہتر ہوگا وہ عوام سے بھی براہ راست اعتماد حاصل کریں۔ چیف جسٹس نے جو گیند اپنی جیب میں ڈالی ہے وہ در اصل ان کے سر پر ہمالیہ کا پہاڑ ہے۔ ایوان اور عدلیہ تاحال ایک دوسرے کے خلاف مورچہ زن ہیں۔  سارے بحران میں نقصان عوام کا ہورہا ہے، جن کے مسائل عدالتوں میں سنے جارہے ہیں نہ پارلیمنٹ میں زیربحث ہیں۔ جماعت اسلامی نے الیکشن سٹیک ہولڈر کی حیثیت سے مذاکرات کی بات کی ہے اور صدق دل سے عوام اور ملک کے مفاد کے پیش نظر سیاسی جماعتوں کو ایک ٹیبل پر بٹھانے کی کوشش کررہی ہے۔ ہم چاہتے ہیں قوم سے فیصلہ لیا جائے۔  ملک میں ماضی کی طرح جھرلو الیکشن نہ ہوں۔ ادارے مکمل غیر جانبداری دکھائیں اور عوام آزادانہ طور پر اپنے لیے وہ قیادت منتخب کریں جو ملک کو خوشحالی، امن دے سکے اور اسے کلین گرین پاکستان بنائے۔ منصورہ میں سیکرٹری جنرل امیرالعظیم اور سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ  سوات دھماکہ ہوا، خیبر پختوانخواہ بدامنی کی آگ میں جل رہا ہے۔  پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی کی لڑائی نے ملک کو بند گلی میں دھکیل دیا۔ وزیراعظم نے اسمبلی میں 2018 کے الیکشن کا آڈٹ کروانے کا مطالبہ کیا۔ حیران ہوں وہ کس سے مطالبہ کررہے ہیں۔ کفن کے کپڑے سے لے کر روٹی تک ہر بنیادی ضرورت کی قیمت آسمان پر چلی گئی۔ لاہور میں نان30  روپے کا ملتا ہے۔ ایٹمی پاکستان کے عوام آٹے کے ٹرکوں کے پیچھے ہیں۔ خطے کے مقابلہ میں سب سے زیادہ مہنگائی پاکستان میں ہے۔ قرضہ بڑھ رہا ہے، کرنسی ڈوب رہی ہے۔ سیاستدان، ادارے ہوش کے ناخن لیں، قوم کو فیصلہ کا موقع دیا جائے۔

مزیدخبریں