اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ایران اور رومانیہ کے ساتھ باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیا ہے۔ ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو ایوان صدر میں ایران اور رومانیہ کے سفیروں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے ان سے الگ الگ ملاقات کی۔ ایران کے سبکدوش ہونے والے سفیر سید محمد علی حسینی سے بات چیت کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان ایران کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے دونوں ممالک کے باہمی فائدے کے لیے اقتصادی تعاون اور تجارتی حجم کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ صدر مملکت نے بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر قبضہ جموں و کشمیر اور بھارت کے دیگر حصوں میں مسلمانوں کے خلاف بھارتی سکیورٹی فورسز کے مظالم کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مسلم دنیا کو مسلمانوں کے خلاف بھارتی مظالم کا نوٹس لینے کی ضرورت ہے۔ صدر مملکت نے مسئلہ کشمیر پر ایرانی حکومت کی حمایت اور موقف پر شکریہ ادا کیا۔ ملاقات میں دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے انسداد دہشت گردی تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔ ایرانی سفیر سید محمد علی حسینی نے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی، ثقافتی اور سیاسی تعاون کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک میں اقتصادی تعاون کو مزید وسعت دینے کی بھرپور صلاحیت موجود ہے۔ پاکستان میں رومانیہ کے سفیر نکولائی گویا نے بھی صدر مملکت سے ملاقات کی۔ اس موقع پر صدر نے کہا کہ رومانیہ مشرقی یورپ کا ایک اہم ملک ہے اور پاکستان رومانیہ کے ساتھ تجارت اور معیشت کے شعبوں میں اپنے تعلقات کو مزید بڑھانے کا خواہاں ہے۔