اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس بابر ستار پر مشتمل ڈویژن بنچ میں زیر سماعت توشہ خانہ کیس تحقیقات میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کی نیب کال اپ نوٹسز کے خلاف درخواست نمٹا دی گئی۔ سماعت کے دوران نیب کی جانب سے جواب جمع کراتے ہوئے کہا گیا کہ عمران خان کو سوالنامہ بھیجا مگر سوالات کا جواب نہیں دیا گیا۔ طلبی نوٹس پر پیش بھی نہیں ہوئے، عمران خان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ عمران خان جان بوجھ کر معاملے کو التوا میں ڈالنا چاہتے ہیں۔ عمران خان اور ان کی اہلیہ نے 58تحائف رکھے۔ چیف جسٹس نے کہاکہ آپ نے صرف کال اپ نوٹسز کو چیلنج کیا ہے۔ نیب پراسیکیوٹر نے کہاکہ درخواست گزار نے 17 فروری اور 16 مارچ کے نوٹسز چیلنج کیے ہیں، نیب ملزمان کو تیسرا نوٹس بھی بھیج چکا ہے۔ نئے نوٹس کے بعد پہلے دو کال اپ نوٹسز کے حوالے سے موجودہ درخواست غیر موثر ہو چکی ہے۔ چیف جسٹس نے کہاکہ آئندہ نوٹس سپریم کورٹ فیصلوں کے مطابق قانون کے تحت بھیجے جائیں۔ عدالت نے نیب کو قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے کارروائی آگے بڑھانے کی ہدایت کرتے ہوئے یہ بھی کہاکہ نیب کو کارروائی اور تحقیقات سے نہیں روک سکتے، اگر عمران خان تفتیش میں شامل نہیں ہو رہے تو نیب قانون کے مطابق کارروائی کا مجاز ہے۔
توشہ خانہ : عمران شامل تفتیش نہیں ہوئے تو نیب کارروائی کا مجاز ہے: ہائیکورٹ
Apr 28, 2023