لاہور (نوائے وقت رپورٹ) مسجد نبوی میں گھومتے ایک پاکستانی بزرگ چرواہے میں لوگوں کی دلچسپی اس وقت بڑھ گئی جب ان کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی۔گزشتہ ہفتے رمضان المبارک کے آخری عشرے میں عرب میڈیا اور سوشل میڈیا پر ہاتھ میں لاٹھی تھامے، ننگے پاؤں چلتے باریش بزرگ کی ویڈیوز وائرل ہوئیں، جنہیں مسجد نبویؐ کے احاطے میں پریشان انداز میں گھومتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔ عرب میڈیا کے مطابق سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے بزرگ شخص کا تعلق بلوچستان کے ضلع حب کے چھوٹے سے گائوں گوٹھ حاجی محمد رحیم مری سے ہے ، بزرگ شخص کی عمر 82 برس ہے اور ان کا نام عبدالقادر بخش مری ہے۔ انہوں نے عرب میڈیا کو بتایا کہ وہ انتہائی غریب ہیں، ان کے پاس اپنا مکان تک نہیں جب کہ انہیں عمرے کی سعادت حاصل کرنے کے لیے 15 سال تک پیسے جمع کرنے پڑے۔ انہوں نے بتایا کہ عمرے کے لیے پیسوں کا انتظام کرنے کے لیے پہلے مویشی خریدے، انہیں پالا اور پھر انہیں فروخت کر کے ان سے حاصل ہونے والے پیسوں سے ویزا اور سعودی عرب کا ٹکٹ لیا۔ عبدالقادرکا کہنا تھا کہ مجھے ایسا لگتا ہے جیسے میری تمام پریشانیاں ختم ہو گئی ہیں۔ میرا دل مطمئن ہے۔ مجھے رزق کی بھی کمی نہیں ہے، میں خوش ہوں کیونکہ میری روضہء رسول اور مکہ مکرمہ کی زیارت کی خواہش پوری ہو گئی ہے۔ سالہ بزرگ کا کہنا تھا کہ ’اگر مجھے شہرت ملی ہے تو اس میں میرا کوئی کمال نہیں ہے۔