شہباز شریف کا چینی وزیراعظم کو فون ، تمام شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق 


اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) وزیراعظم محمد شہباز شریف اور چینی وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان تمام شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے تاکہ علاقائی امن، خوشحالی اور استحکام میں اپنا کردار ادا کرنے کے ساتھ ساتھ اپنے ممالک کے لوگوں کو فائدہ پہنچانے کے مشترکہ مقاصد کو حاصل کیا جا سکے۔ جمعرات کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور چین کے وزیر اعظم لی کی چیانگ کے درمیان ٹیلی فون پر بات چیت ہوئی۔ یہ گفتگو روایتی گرمجوشی اور ہم آہنگی پر مبنی تھی جس میں پاک چین سدا بہار سٹرٹیجک کوآپریٹو پارٹنرشپ کو اجاگر کیا گیا۔ شہباز شریف نے چینی وزیر اعظم کو اس عہدے کےلئے ان کے حالیہ انتخاب پر مبارکباد دی جو چینی قوم کے گہرے اعتماد اور عوامی خدمت میں ان کی بہت سی کامیابیوں سے پیدا ہونے والے ان پر اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔ سدا بہار شراکت دار اور قریبی دوستوں کی حیثیت سے پاکستان نے چین کی پرامن ترقی کو بین الاقوامی امن اور استحکام کے مثبت عنصر کے طور پر سراہا اور اس بات پر یقین ظاہر کیا کہ چین ترقی اور بحالی کی جانب اپنے سفر میں اہم سنگ میل حاصل کرتا رہے گا۔ وزیر اعظم نے چین کے بنیادی مسائل بشمول ون چائنا پالیسی، تائیوان، تبت، سنکیانگ، ہانگ کانگ اور بحیرہ جنوبی چین پر پاکستان کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے جموں و کشمیر کے تنازع پر چین کے اصولی موقف اور بنیادی مسائل پر پاکستان کی حمایت پر چین کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ چینی وزیر اعظم نے چین کے لیے پاکستان کی حمایت کو سراہا اور پاکستان کی قومی ترقی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے چین کی حمایت جاری رکھنے کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ سدا بہار دوست کی حیثیت سے چین پاکستان کے ساتھ ہر وقت کھڑا رہے گا۔ نومبر 2022 میں وزیر اعظم کے دورہ چین اور صدر شی جن پنگ اور چینی قیادت کے ساتھ وسیع گفتگو کو یاد کرتے ہوئے، دونوں رہنماﺅں نے سی پیک سمیت اہم شعبوں میں دو طرفہ تعاون کا جائزہ لیا۔ انہوں نے تمام شعبوں میں اپنے تعاون کو بڑھانے پر اتفاق کیا تاکہ علاقائی امن، خوشحالی اور استحکام میں اپنا کردار ادا کرنے کے ساتھ ساتھ اپنے ممالک کے لوگوں کو فائدہ پہنچانے کے مشترکہ مقاصد کو حاصل کیا جا سکے۔ علاوہ ازیں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ چین کے وزیراعظم لی کی چیانگ کے ساتھ انہوں نے باہمی دلچسپی کے دو طرفہ علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا اور سی پیک سمیت پاکستان اور چین کے دیگر منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا۔ جمعرات کو اپنے ایک ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ انہوں نے چین کے وزیراعظم لی کیانگ کے ساتھ ٹیلی فون پر جامع اور نتیجہ خیز بات چیت کی جس میں باہمی دلچسپی کے دوطرفہ، علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان بین الاقوامی امن اور استحکام کو یقینی بنانے کےلئے چین کے اقدامات کو سراہتا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ انہوں نے چین کے بنیادی معاملات پر اس کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا ہے اور پاکستان کےلئے چین کی غیرمتزلزل حمایت کو سراہا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے سی پیک سمیت پاک چین اقدامات پر پیش رفت کا بھی جائزہ لیا۔ اور مجھے یقین ہے کہ چین جدیدیت کی طرف پیشرفت جاری رکھے گا۔ جبکہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ترکیہ کے صدر رجب طیب اردگان کی صحت یابی پر اطمینان اور ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ جمعرات کو اپنے ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ یہ جان کر بہت اطمینان ہوا ہے کہ میرے بھائی رجب طیب اردگان اللہ تعالی کے فضل و کرم سے بیماری سے صحت یاب ہو گئے ہیں۔ مکمل صحت یابی اور اچھی صحت کے لیے میری دلی دعائیں اور نیک تمنائیں ان کے ساتھ ہیں۔ وہ ہمارے دونوں ممالک کے درمیان بھائی چارے کی علامت ہیں۔

ای پیپر دی نیشن