حج اخراجات، 5 کروڑ ڈالر کی پہلی قسط وزارت حج کو جاری 

Apr 28, 2023


اسلام آباد (نامہ نگار) حج اخراجات کےلئے درکار ڈالرز کی وزارت حج کو فراہمی شروع کر دی گئی۔ 5کروڑ ڈالرز پہلی قسط کی صورت میں حج ڈائریکٹوریٹ کو فراہم کر دئیے گئے۔ سرکاری ریگولر سکیم کے تحت اضافی درخواست گزاروں کو بغیر قرعہ اندازی حج پر بھیجا جائے گا۔ وزارت مذہبی امور کو حج اخراجات کے لئے درکار 21کروڑ 30لاکھ ڈالرز کی فراہمی شروع کر دی گئی ہے۔ سٹیٹ بنک نے 5 کروڑ ڈالرز کی پہلی قسط جاری کر دی۔ 4کروڑ ڈالرز کی دوسری قسط بھی جاری کر دی گئی ہے جو تین سے چار روز میں پاکستانی حج ڈائریکٹوریٹ سعودیہ کو منتقل ہو جائے گی۔ وزارت مذہبی امور کو درکار رقم چار اقساط میں فراہم کی جا رہی ہے۔ وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ 6کروڑ ڈالرز کی تیسری قسط 30اپریل جبکہ 6کروڑ 30لاکھ ڈالرز مئی کے تیسرے ہفتے تک درکار ہوں گے۔حج انتظامات کو حتمی شکل دینے کیلئے وزیر مذہبی امور سینیٹر محمد طلحہ محمود کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں سرکاری و نجی حج سکیم کی پیشرفت سے متعلق مختلف امور کا جائزہ لیا گیا۔وفاقی وزیر سے نجی حج سکیم کی نمائندہ تنظیم ہوپ کے عہدہ داران اور ایئرلائنوں کے حکام نے الگ الگ ملاقاتیں بھی کیں۔ سینیٹر محمد طلحہ محمود نے کہا کہ نجی سکیم کے حجاج کرام کی سہولت اور آسائش کو یقینی بنایا جائے۔ وزارت اور متعلقہ حاجی کیمپ سرکاری و نجی سکیم کے حجاج کی رہنمائی اور خدمت کیلئے مستعد رہیں۔ وزیر مذہبی امور حجاج ِ کرام کی حج تربیت اور انتظامی امور سے مکمل آگاہی کیلئے جامع تربیتی پروگرام منعقد کئے جائیں۔ سینیٹر محمد طلحہ محمود نے حج آپریشن میں حصہ لینے والی فضائی کمپنیوں کے نمائندوں سے الگ الگ ملاقاتیں کیں اور ہدایت کی کہ تمام ایئرلائنز حجاج کیلئے بہترین فضائی سفری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔
حج اخراجات 

مزیدخبریں