پنجاب میں مجموعی طور پر بیروزگاری کی شرح 6.7فیصد تک پہنچ گئی

Apr 28, 2023


اسلام آباد(نامہ نگار)لیبر فورس سروے 2020-21کے اعداد و شمار کو مدِ نظر رکھتے ہوئے گیلپ پاکستان اور پرائڈ کی جانب سے کی گئی ایک حالیہ تحقیق کے مطابق پنجاب میں مجموعی بے روزگاری کی شرح 6.69فیصد تک پہنچ چکی ہے جبکہ خواتین میں بے روزگاری کی شرح 8.32فیصد کے ساتھ مردوں میں بے روزگاری کی شرح کے 6.06فیصد کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہے۔ اسی طرح شہروں میں بے روزگاری کی شرح7.94فیصد کے ساتھ دیہات میں بے روزگاری کی شرح کے 6.11کے مقابلے میں زیادہ ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان کے پالیسی ساز اداروں میں مفید اور ٹھوس معاشی و سماجی ڈیٹا کی معلومات پہنچانے کی غرض سے گیلپ پاکستان اور پرائڈ نے حال میں ایک معاہدے پر دستخط کئے ہیں۔گیلپ پاکستان کے ایگزیکٹو ڈائریکٹربلال گیلانی نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اس تحقیق کا سب سے خطرنا ک پہلو یہ ہے کہ تعلیم یافتہ نوجوانوں کا ایک بڑا حصہ کم تعلیم یافتہ نوجوانوں کے مقابلے میں زیادہ بے روزگار ہے۔ اگر یہی صورتِ حال قائم رہی تو لوگوں کے ذہنوں میں تعلیم کے منافع بخش ہونے کے حوالے سے منفی تاثر قائم ہو گا اور وہ تعلیم سے دور ہونے لگیں گے اور پڑھنے لکھے نوجوانوں کا بے روزگار رہنا بڑے سماجی مسائل کا سبب بن سکتا ہے۔اس موقع پر پرائڈ کی چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر لبنی شہناز نے کہا کہ عام طور پر قومی یا صوبائی سطح پر یہاں تک کہ مختلف علاقوں اور ایک مخصوص صوبے کے پاس بھی دستیاب لیبرفورس کے اعداد و شمارمیں فرق ہوتا ہے جو لیبرمارکیٹ کے ڈائنامکس کی صحیح عکاسی نہیں کرتے۔گیلپ پاکستان کے ساتھ ہماری شراکت داری ڈویژنل لیول پر مزید متفرق اعدداوشمار اور لیبر مارکیٹ کی صورتِ حال کا مزید گہرائی سے جائزہ لینے اور بنیادی سطح پر متعلقہ پالیسیوں اور پروگراموں کی تشکیل میں سہولت فراہم کرے گی۔ پنجاب میں ڈویژن وارنوجوانوں کی بے روزگاری کی شرح کا تجزیہ ظاہر کرتا ہے کہ نوجوانوں میں بے روزگار ی کی مجموعی شرح بہاولپور ڈویژن میں سب سے کم 4.45فیصد اور راولپنڈی میں سب سے زیادہ 17.78فیصد ہے۔ 
بیروزگاری 

مزیدخبریں