اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی درخواست نہیں کی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت میں شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کروں گا۔ 4 مئی کو بھارت جا کر 5 مئی کو واپسی ہو گی۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ میری اور خواہش تھی لیکن ابھی حالات ایسے نہیں ہیں۔ دریں اثناءبلاول بھٹو زرداری نے کراچی ایکسپریس میں آتشزدگی اور ٹھٹھہ میں ٹریفک حادثات پر اظہار افسوس کیا ہے۔ ادھر بھارت کے دارالحکومت نئی دلی میں شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے دفاع کا اجلاس آج (جمعہ کو) ہو گا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق اجلاس میں شرکت کے لیے رکن ممالک کے وزرائے دفاع کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ رپورٹس کے مطابق چین کے وزیر دفاع جنرل لی شنگ فو ایس سی او اجلاس میں شرکت کے لیے نئی دلی پہنچ گئے ہیں۔ شنگھائی تعاون تنظیم کی رکنیت میں بھارت کے علاوہ قازقستان، چین، کرغزستان، پاکستان، روس، تاجکستان اور ازبکستان شامل ہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق رکن ممالک کے علاوہ دو مبصر ممالک بیلاروس اور ایران بھی28 اپریل2023 ءکو شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے دفاع کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔
بلاول اجلاس