پاکستان میں فروغ جمہوریت کیلئے لابنگ ، 90 امریکی قانون ساز آج وزیرخارجہ کو خط بھجیں گے 

Apr 28, 2023


واشنگٹن (نیٹ نیوز) 90 سے زائد امریکی قانون سازوں نے ایک خط پر دستخط کیے ہیں جس میں امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن پر زور دیا گیا ہے کہ وہ پاکستان میں جمہوریت کے فروغ کے لیے تمام سفارتی ذرائع استعمال کریں۔ رپورٹ کے مطابق پاکستانی امریکن پولیٹیکل ایکشن کمیٹی، جو پاک پی اے سی، یو ایس اے کے نام سے جانی جاتی ہے، کا کہنا ہے کہ وہ اس خط پر دستخط کرنے کے لیے 100 سے زائد قانون سازوں سے رابطہ کررہی ہے۔ امریکی کانگریس میں پاکستان کے مفادات کو فروغ دینے والی کمیٹی کا کہنا ہے کہ وہ صرف پاکستان میں جمہوریت کو مضبوط کرنے کی کوشش کر رہی ہے اور کسی سیاسی جماعت یا گروپ کی حمایت یا مخالفت نہیں کرتی۔ تاہم پی ٹی آئی کے رہنما شہباز گل نے پی اے سی کے سالانہ عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان میں آئینی جمہوریت کو برقرار رکھنے کی کوشش کرنے والوں کی حمایت کی درخواست کی۔ شہباز گل نے پی اے سی ٹیم کے ساتھ کچھ امریکی قانون سازوں سے بھی ملاقات کی اور انہیں پاکستان کی موجودہ سیاسی صورتحال کے بارے میں بتایا۔ البتہ پی اے سی کے کچھ ممبران، بشمول ایک سابق صدر نے ٹیم میں ان کی شمولیت پر اعتراض کیا۔ مشی گن کی خاتون کانگریس ڈیموکریٹ رکن ایلیسا سلوٹکن، پنسلوانیا کے ریپبلکن کانگریس رکن برائن فٹزپیٹرک کی جانب سے مشترکہ طور پر مذکورہ خط آج 28 اپریل کو انٹونی بلنکن کو بھیجا جائے گا۔

مزیدخبریں