پاکستان کی معاشی صورتحال پر تشویش سپورٹ کرتے رہیں گے ‘آئی ایم ایف اصلاحات پر آگے بڑھے: امریکہ 

Apr 28, 2023


واشنگٹن (نوائے وقت رپورٹ) امریکہ نے پاکستان سے آئی ایم ایف اصلاحات پر آگے بڑھنے کا مطالبہ کر دیا۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق امریکی اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ پاکستان کی انچارج انریستھ ہورلسٹ نے امریکی تھنک ٹینک میں بیان میں کہا ہے کہ پاکستان اور آئی ایم ایف نے جن اصلاحات پر اتفاق کیا ہے۔ وہ آسان نہیں ہیں پاکستان کو دوبارہ مضبوط مالیاتی بنیادوں پر لانے کیلئے ان اصلاحات پر عمل ضروری ہے۔ مزید قرضوں سے بچنے اور معیشت کو ترقی دینے کیلئے پاکستان یہ اقدامات کرے امریکہ تکنیکی مدد کے ذریعے پاکستان کی حمایت جاری رکھے گا۔ آزاد، منصفانہ کاروباری ماحول کو فروغ دینے والی پاکستانی پالیسیوں کی حمایت کریں گے۔ پاک امریکہ تعلقات ایک دوسرے، خطے اور دنیا کے لئے نیتجہ خیز رہے ہیں ۔پاک امریکہ دو طرفہ تجارت نو ملین سے زائد ہے جسے مزید بڑھانے کی کوشش ہے۔ گزشتہ ایک برس میں سکیورٹی تعلقات بہتر ہوئے ہیں۔ بڑھتے ہوئے دہشتگرد حملہ سے امریکہ کو تشویش ہے۔ پاکستان کی طرح امریکہ بھی ٹی ٹی پی کے بارے میں فکر مند ہے۔ پاکستان کی اقتصادی صورتحال پر امریکہ کو تشویش ہے۔ امریکہ پاکستان کو سپورٹ کرتا رہے گا۔ خاص طور پر پالیسی، بزنس اور ٹرانسپرنسی کی سطح پر سپورٹ کریں گے۔ پاکستان ایک خود مختار ملک ہے۔ پارٹنر شپ پر فیصلے خود کرتا ہے۔

مزیدخبریں