لاہور (کلچرل رپورٹر) سجادہ نشین حضرت میراں حسین شاہ زنجانی و حضرت یعقوب حسین شاہ زنجانی المعروف شاہ صدر دیوان پیر سید ہاشم علی شاہ زنجانی نے کہا ہے کہ اولیا کرام نے اشاعت دین کیلئے لازوال قربانیاں دیں۔ اللہ تعالی کے ان نیک بندوں نے اپنی زندگیاں اسلام کیلئے وقف کردیں۔ قرآن ،سنت پر عمل کے ذریعے رب کائنات کو راضی کیا۔ نبی اکرم کے طریقے پر عمل کرکے دعوت حق کو محبت اور خلوص سے پھیلایا۔ سنت نبوی پر عمل کرکے اللہ کی پیارے نبی سے حقیقی محبت نبھائی۔ اللہ کے ان پیارے بندوں کی تعلیمات ہمارے لئے مشعل راہ ہیں۔ آج معاشرہ جن مسائل کا شکار ہے۔ ان سے نجات کیلئے اولیا کرام کی تعلیمات کو عام کرنا ہوگا۔ دنیا کو امن ،محبت اور رواداری کے پیغام کی ضرورت ہے۔ انسانیت آج بھٹک رہی ہے۔ اسے اسلام کے پیام امن کی ضرورت ہے۔ اولیا کرام نے اسی دعوت کو اپنی زندگی کا مقصد بنایا تھا۔ان بزرگ ہستیوں نے خدمت اور مخلوق سے محبت کے ذریعے دین کی خدمت کی۔