اسلام آباد: حکومت نے مردم شماری کی حتمی تاریخ میں پانچویں بار توسیع کردی۔ حکومت بروقت مردم شماری مکمل کرنےمیں ایک بارپھر ناکام ہوئی جس کے باعث پہلی ڈیجیٹل مردم شماری کی حتمی تاریخ میں پانچویں بار توسیع کردی گئی ہے۔ادارہ شماریات کے مطابق ملک میں جاری ڈیجیٹل مردم شماری کی حتمی تاریخ میں پانچویں بار توسیع کر دی گئی ہے اور آخری تاریخ 15مئی مقرر کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ مردم شماری کو اپریل کے آغاز میں ختم ہونا تھا .تاہم پہلی بار اس میں 10 اپریل، دوسری بار 15 اور تیسری بار 20 اپریل جبکہ چوتھی بار25 اپریل تک توسیع کی گئی تھی۔ادھر وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا ہے کہ ملک میں ساتویں اورپہلی بارڈیجیٹل مردم شماری جاری ہے. جس پر بعض سیاسی جماعتوں اورمیڈیا کی جانب سےاعتراض کیاگیاتھا اس پر ہم نےساتھیوں کو بات چیت کی دعوت دی اور معلومات شیئرکیں۔احسن اقبال نے کہا کہ محسوس کیا گیا ہےکہ دوردرازعلاقوں میں تمام لوگوں کو شمارنہیں کیا گیا اب کچھ علاقوں میں سپارکو کی مدد سےگھروں کی نشاندہی کی جارہی ہے جس کے باعث مردم شماری کی تاریخ میں15روزمزید توسیع کی جارہی ہے۔وفاقی وزیر نے واضح کیا کہ ہر فرد کی گنتی کی جانی چاہیے، ہر صورت فالٹ لائنزکو دورکریں گے،مردم شماری کا مطلب صرف نمبرزپیدا کرنانہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل شماری کےباعث ڈیٹا کا فوری جائزہ لیاجاسکتاہے، لوگوں سے بھی گزارش ہےکہ مردم شماری میں بھرپورحصہ لیں ۔