کابل (نیٹ نیوز) افغان میڈیا پر طالبان کے تازہ ترین کریک ڈاؤن میں چار صحافیوں کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ دو ٹی وی چینلز بند کر دئیے گئے۔ رپورٹرز ود آؤٹ بارڈرز (RSF) نے چار ریڈیو صحافیوں کی رہائی اور نجی ملکیت والے دو ’تنقیدی‘ ٹی وی چینلز کو دوبارہ کھولنے کا مطالبہ کیا ہے جو کہ افغانستان میں میڈیا کی آزادی پر طالبان کی جانب سے حالیہ پابندیوں میں گزشتہ چند ہفتوں کے دوران شکار ہوئے ہیں۔ تازہ ترین متاثرین میں صوبہ خوست میں ریڈیو کے تین صحافی شامل ہیں جنہیں 22 اپریل کو موسیقی نشر کرنے اور نشریات کے دوران خواتین سامعین کی کالیں وصول کرنے پر گرفتار کیا گیا تھا۔ 6 اپریل کو طالبان کی انٹیلی جنس نے غزنی صوبے میں ایک ریڈیو رپورٹر کو اس کی رپورٹنگ کے سلسلے میں گرفتار کیا۔ اس کا فون ضبط کیا، اس کے مواد کا معائنہ کیا اور 16 اپریل کو دو نجی ٹی وی چینلز نور ٹی وی اور بریا ٹی وی کو ’قومی اور اسلامی اقدار‘ کا احترام نہ کرنے پر بند کر دیا گیا۔