لاہور (نیوز رپورٹر) پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ،امیر الدین میڈیکل کالج کو یہ منفرد اعزاز حاصل ہوا ہے کہ ادارے میں ایسوی ایٹ پروفیسر آف پیتھالوجی کے عہدے پر خدمات سر انجام دینے والی 5خواتین ڈاکٹرز جن میں ڈاکٹر سادیہ انور،ڈاکٹر رابعہ بشارت، ڈاکٹر فقیہہ رحمان، ڈاکٹر ارم اقبال اور ڈاکٹر کوکب جبین شامل ہیں۔ حکومت پنجاب نے پروفیسرآف پیتھالوجی گریڈ 20 کے عہدہ پر ترقی دینے کی منظوری دیدی۔ پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر محمد الفرید ظفرنے ترقی پانیوالی پروفیسرز کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کے مستقبل کی ذمہ داریوں کے حوالے سے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ میڈیکل پروفیشن میں پیتھالوجی کا شعبہ انتہائی اہم تصور کیا جاتا ہے کیونکہ امراض کی تشخیص اور علاج کا زیادہ انحصار پیتھالوجی کی رپورٹس پر ہوتا ہے۔ پروفیسرز کے عہدے پر ترقی پانیوالی لیڈی ڈاکٹرز نے پی جی ایم آئی، اے ایم سی میں سٹوڈنٹس کی تعلیم و تربیت اور پیتھالوجی کے شعبے میں سپیشلسٹ تیار کرنے میں نمایاں خدمات سر انجام دی ہیں۔ پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر الفرید ظفر نے اس توقع کا اظہار کیا کہ مذکورہ پروفیسرز پیتھالوجی کے شعبے میں ینگ ڈاکٹرز کی تعلیم و تربیت اور تحقیق میں ان کی رہنمائی کیلئے اپنی بہترین صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں گی۔
پی جی ایم آئی کا اعزاز،5 خواتین ڈاکٹرز کی پروفیسر کے عہدہ پر ترقی
Apr 28, 2024