فلسطینیوں کیلئے امریکی، برطانوی، فرانسیسی، آسٹریلوی یونیورسٹیز میں احتجاج جاری

 غزہ+ نیویارک+ لندن (آئی این پی+ نوائے وقت رپورٹ) غزہ اور مغربی کنارے پر اسرائیلی فوج کے حملوں میں مزید17 فلسطینی شہید ہوگئے۔ عرب میڈیا کے مطابق غزہ کے نصیرت کیمپ، خان یونس اور رفح پر اسرائیلی بمباری سے 15فلسطینی شہید ہوگئے جب کہ مغربی کنارے کے شہر جنین میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 2  فلسطینی شہید ہوئے۔ اپارٹمنٹ پر بمباری میں معروف فلسطینی شاعر شہید ڈاکٹر رفعت العریر کی بیٹی شیما اپنے شوہر انجینئر عبدالعزیز صیام اور دو ماہ کے بیٹے سمیت شہید ہو گئی۔ عرب میڈیا کا بتانا ہے کہ اسرائیلی فوج نے خواتین اور بچوں سمیت10 افراد کو نصیرت کیمپ میں شہید کیا جب کہ رات گئے رفح پر اسرائیلی بمباری میں2   بچوں سمیت مزید5  افراد شہید ہوگئے۔ دوسری جانب غزہ میں حماس کے نائب سربراہ خلیل الحیاء نے کہا ہے کہ اسرائیل کا جنگ بندی مذاکرات سے متعلق جواب موصول ہوا ہے اور حماس اسرائیل کی جانب سے موصول جواب کا جائزہ لے رہا ہے جس کے بعد ہی کوئی جواب دیا جائے گا۔ اسرائیل نے جنگ بندی کے لائحہ عمل پر تجاویز دیں۔ مصر کا وفد یرغمالیوں سے متعلق مذاکرات کیلئے اسرائیلی پہنچ گیا۔ فلسطینیوں کی حمایت میں احتجاج کا دائرہ وسیع ہو گیا۔ امریکہ، برطانیہ، فرانس اور آسٹریلوی جامعات اور سویڈن میں احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔ جامعات کے طلباء نے اسرائیلی کمپنیوں سے تعلقات منقطع کرنے کا مطالبہ کر دیا۔ کولمبیا یونیورسٹی میں طلباء کا غزہ یکجہتی کیمپ دس روز بعد بھی جاری ہے۔ دیگر جامعات کے 40 کیمپس میں بھی احتجاج کا آغاز ہو گیا۔ کولمبیا یونیورسٹی کے صدر نے طلباء کے خلاف پولیس کی جانب سے طاقت کے استعمال پر ٹاسک فورس بنانے کا اعلان کردیا۔ ایلی نوائے پنسلوانیا یونیورسٹی اور دیگر جامعات کو گرفتاریوں اور معطلی کی دھمکی دی جا رہی ہے، گرفتاریوں کا سلسلہ جاری ہے۔ تعداد 600 ہوگئی۔ جمعہ کو مختلف جامعات سے 80 مظاہرین گرفتار کئے گئے۔ یو این انسانی حقوق دفتر نے گرفتاریوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ غزہ میں اسرائیلی جارحیت پر لندن میں احتجاج کیا گیا۔ مظاہرین نے پارلیمنٹ سے ہائیڈ پارک کی طرف مارچ کیا اور اسرائیل کو ہتھیاروں کی فروخت بند کرنے کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین نے اسرائیلی بربریت کے خلاف نعرے لگائے اور جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔ سویڈن کے دارالحکومت سٹاک ہوم میں فلسطینیوں کے حق میں مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین نے مغربی فلسطین کے نعرے لگائے۔ کولمبیا یونیورسی انتظامیہ نے صیہونیوں کو ’’جینے کا حق نہیں‘‘ کا نعرہ لگانے والے طلباء کو نکالنے کا اعلان کر دیا۔ طالب علم فیماتی جیمز نے یہ نعرہ لگایا تھا۔

ای پیپر دی نیشن