راولپنڈی‘ خیبر (اپنے سٹاف رپورٹر سے + آئی این پی) ترجمان آئی ایس پی آر کے مطابق بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں سیکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا‘ دہشتگردوں نے سنجاوی روڈ ہرنائی پر مسافر بسوں کو روکنے کی کوشش کی‘ فوری کارروائی کر کے دہشتگردوں کو روک لیا جس کے نتیجہ میں ایک دہشت گرد واصل جہنم ہوگیا جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔ معصوم جانوں کو محفوظ بنا کر دہشتگردوں کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیئے گئے۔ علاقے میں کسی بھی دہشتگرد کی موجودگی کا امکان ختم کرنے کیلئے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے‘ سکیورٹی فورسز قوم کے شانہ بشانہ بلوچستان کے امن ، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کیلئے پرعزم ہیں ۔ خیبر پی کے، کے ضلع خیبر میں پولیس اور سکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے انتہائی مطلوب دہشت گرد کو ہلاک کردیا۔ سی پی او نے بتایا کہ ہلاک دہشت گرد نے جمرود میں دینی مدرسوں کے 4 طلبہ کو اغوا کیا تھا۔ دہشت گرد نے طلبہ کو کالعدم تنظیم میں شامل ہونے کی ترغیب دی، دہشت گرد نے چاروں طلبہ کو افغانستان منتقل کیا۔ سی پی او نے بتایا کہ 2 طلبہ کو افغانستان میں دہشتگردی کی تربیت دی جا رہی ہے۔ دہشت گرد عظمت کے سرکی قیمت لاکھوں روپے مقرر تھی، ہلاک دہشت گرد سکیورٹی فورسز اور پولیس پر حملوں اور ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھا۔
خیبر: مطلوب دہشتگرد ہلاک ہرنائی‘ مسافروں کو نشانہ بنانے کی کوشش ناکام‘ جھڑپ‘ ایک دہشتگرد جہنم واصل
Apr 28, 2024