اسلام آباد میں غیرملکیوں کیلئے سپیشل پروٹیکشن فورس بنے گی: محسن نقوی

Apr 28, 2024

اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد میں امن عامہ کو بہتر بنانے اور جرائم پیشہ گینگز کی سرکوبی کا محاذ سنبھال لیا اور  آئی جی اسلام آباد پولیس اور پوری ٹیم کو ٹاسک دے دیا ہے۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے منشیات کی خرید و فروخت میں ملوث گینگز کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن اوربھکاری مافیا اور پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف کارروائی کا حکم دیا ہے۔ وزیر داخلہ  نے ہدایت کی کہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے ایسے گینگز کو قانون کی گرفت میں لایا جائے۔ تعلیمی اداروں کے باہر آئس سمیت دیگر نشہ آور اشیاء کی فروخت کسی صورت برداشت نہیں۔ منشیات فروش ہمارے مستقبل کے دشمن ہیں ان کے خلاف سخت ترین ایکشن ہو گا۔ وزیر داخلہ کی زیرصدارت اسلام آباد میں امن عامہ کی صورتحال سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا۔ آئی جی نے امن و امان کی صورتحال کے بارے تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں اسلام آباد میں غیر ملکی شہریوں کی سکیورٹی کیلئے سپیشل پروٹیکشن فورس بنانے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔ وزیر داخلہ نے غیر ملکی شہریوں کی فول پروف سکیورٹی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ محسن نقوی نے ہدایت کی کہ ریڈ زون سمیت تمام اہم دفاتر و مقامات کی سکیورٹی پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے۔ محسن نقوی نے ایف آئی آر کے اندراج کو 100فیصد یقینی بنانے کا حکم دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایف آئی آر کا اندراج نہ کرنا یا تاخیر کسی طور قبول نہیں، ایف آئی آر درج نہ کرنے پر متعلقہ پولیس افسر کے خلاف کارروائی ہو گی۔ وفاقی وزیر نے اسلام آباد پولیس کے پروموشن کیسز کو فوری نمٹانے کا حکم دیا۔ اسلام آباد پولیس میں تمام خالی آسامیوں پر بھرتی کی ہدایت بھی کی۔ اسلام آباد پولیس کی تنخواہیں پنجاب پولیس کے برابر کرنے کے لیے اقدامات کئے جائیں گے۔ اسلام آباد میں ٹریفک مسائل کے حل کیلئے جامع پلان طلب کر تے ہوئے ٹریفک زیادہ جام رہنے والے مقامات کی نشاندہی کر کے قابل عمل حل تجویز کرنے کی ہدایت کی۔ اسلام آباد سیف سٹی کے نظام کو لاہور سیف سٹی کی طرح جدید تقاضوں سے لیس کرنا ہو گا۔ دوسری جانب محسن نقوی نے چین کے قونصل جنرل ژاؤ شیرین سے ملاقات کی۔ قونصلیٹ آمد پر چینی قونصلیٹ نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا خیر مقدم کیا۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پاکستان میں چینی شہریوں کی سکیورٹی کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے چینی شہریوں کی سکیورٹی کے لئے کئے گئے اقدامات سے آگاہ کیا اور کہا کہ پاکستانی میں موجود چینی شہریوں کی حفاظت ہماری قومی ذمہ داری ہے۔ تمام متعلقہ اداروں کو ایس او پیز کے مطابق چینی شہریوں کی حفاظت یقینی بنانے کے لئے ہدایات جاری کر دی ہیں۔ پاک چین دوستی کو نقصان پہنچانے کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ چینی بھائیوں کی سکیورٹی یقینی بنانے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے گی۔ چینی قونصل جنرل نے کہا کہ چین اور پاکستان ہر موسم کے دوست ہیں۔        

مزیدخبریں