توڑ پھوڑ کیس،فیصل جاوید سمیت2پی ٹی آئی رہنمائوں کی ضمانتوں میں 6مئی تک توسیع 

Apr 28, 2024

اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت  ) انسداد دہشتگردی عدالت نے توڑ پھوڑ کے مقدمے میں پی ٹی آئی رہنماوں کی فیصل جاوید اور عامر مغل کی ضمانت میں 6مئی تک توسیع کردی۔ درخواست ضمانت قبل از گرفتاری پر سماعت انسداد دہشتگردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے کی، عدالت نے عامر مغل،فیصل جاوید کی عبوری ضمانت میں6 مئی تک توسیع کردی۔ درخواست گزار فیصل جاوید اور عامر مغل اپنے وکلا کے ہمراہ عدالت پیش ہوئے، دوان سماعت جج طاہر عباس سپرا کا کہنا تھا کہ سب درخواستیں ایک ساتھ ہی سن لیں گے آج ہمارے پراسیکیوٹر بھی نہیں ہیں۔ وکیل درخواستگزاروں نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ اس کیس میں چالان عدالت جمع ہو چکا کاروائی آگے بڑھ سکتی ہے، عدالت نوٹس جاری کرے جو پیش نہیں ہو رہے ان کے وارنٹ جاری کئے جائیں۔ جج طاہر عباس سپرا نے ریمارکس دیئے کہ آج حاضری پوری کریں اور نقول وصول کر لیں، آج جس کی حاضری نہیں ہو گی اس کے وارنٹ گرفتاری جاری کروں گا، عامر محمود کیانی عدالت پیش نہیں ہوئے ہیں آپ کہتے ہیں ان کے وارنٹ جاری کرتے ہیں، میں آرڈر کروں گا اور وارنٹ گرفتاری قابل ضمانت جاری کریں گے۔ درخواست گزار فیصل جاوید نے دوان سماعت عدالت سے استدعا کی کہ میں دور سے آتا ہوں، پشاور سے آنا پڑتا ہے اور ہر تاریخ پر آتا ہوں لمبی تاریخ دے دیں۔ عدالت نے فیصل جاوید سے استفسار کرتے ہوئے کہا کہ آپ آج کل اسلام آباد میں نہیں رہ رہے ؟ ویسے آج پشاور جانے کا موسم نہیں ہے۔ فیصل جاوید نے مسکراتے ہوئے جواب میں کہا کہ جی نہیں آج آپ کے پاس ہی ہیں، ویک اینڈ پر ادھر آتا ہوں۔ بعد ازاں دلائل سننے کے بعد عدالت نے حاضری مکمل کر کے نقول تقسیم کرنے کی تاریخ 17 مئی مقرر جبکہ مقدمہ کی مزید سماعت 17 مئی  تک ملتوی کردی۔

مزیدخبریں