ریلیوں میں تشدد دیگرالزامات بیرسٹر گوہر سمیت 302کیخلاف مقدمات 27گرفتار 

گوجرانوالہ‘ سمبڑیال‘ اسلام آباد (نمائندہ خصوصی + نمائندہ نوائے وقت + آئی این پی) انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلا ف اور بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے ریلیاں نکالنے والے ضلعی جنرل سیکرٹری پی ٹی آئی سابق ایم پی اے چوہدری عظیم نوری گھمن سمیت 58 افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔ چوہدری عظیم نوری گھمن اوران کے نامزد ساتھیوں نے 8مئی تک عبوری ضمانتیں ایڈیشنل سیشن جج سمبڑیال سے کروا لی ہیں۔ سٹی پولیس نے ریلی کے دورا ن راستہ بلا ک کر کے ٹریفک میں خلل ڈالنے اسلحہ کی نمائش کرنے پر تحریک انصاف کے دو درجن کارکنوںکے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔ گزشتہ روز احتجا ج کی کال پر تحریک انصاف کے کارکنوں نے ریلی نکالی اور صرا فہ بازار چوک میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنمائوں نے خطاب کیا تھا، سٹی پولیس گوجرہ نے محفوظ اسلم ڈھلوں، چک نمبر 347 ج ب کے اظہر عباس، چک نمبر 310 ج ب کے ظفر اقبال، محلہ نیو پلاٹ گوجرہ کے محمد ارسلا ن، جھنگ روڈ گوجرہ کے خلیفہ کاشف، اشرف کالونی کے میاں خرم، انصار کا لونی کے محمد عرفان، محمد جاوید سمیت دو درجن کارکنوں کے خلاف راستہ بلاک کرنے اور اسلحہ کی نمائش کرنے پر مقدمہ درج کر لیا ہے۔ اسلام آباد پولیس نے ضمنی الیکشن میں مبینہ دھاندلی کیخلاف احتجاجی ریلی نکالنے پر پی ٹی آئی قیادت کے خلاف تھانہ کراچی کمپنی میں مقدمہ درج کر لیا۔ ایف آئی آر میں چئیرمین پی ٹی آئی بیرسٹرگوہر علی خان، سیکرٹری پی ٹی آئی اور قائد خزب اختلاف جنرل عمر ایوب اور عامر ڈوگر کو نامزد کیا گیا ہے۔ مقدمے میں شعیب شاہین، علی بخاری اور عامر مغل سمیت 150افراد نامزد ہیں۔ ایف آئی آر کے متن کے مطابق ریلی شرکا نے دفعہ144 کی خلاف ورزی کی، شرکاء نے پولیس کے ساتھ دھکم پیل کی، شر انگیز تقاریر کی گئیں۔  گوجرانوالہ پولیس نے ریاستی اداروں کیخلاف نعرے بازی اور روڈ بلاک کرنے پر پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ دو ایم پی ایز اور ٹکٹ ہولڈر سمیت 19نامزد اور 70نامعلوم افراد کے خلاف مقدمات درج  کر کے 27 کو گرفتار کر لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ سول لائن، دھلے اورباغبانپورہ پولیس نے گرشتہ روز پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ ایم پی ایز کلیم اللہ خان، طارق گجراور ٹکٹ ہولڈر اسد اللہ پاپا سمیت 19نامز د اور 70نامعلوم افراد کے خلاف تین مختلف مقدمات درج کر لئے ہیں۔ تھانہ سول لائن نے کلیم اللہ خان، تھانہ دھلے نے چوہدری طارق گجر اورتھانہ باغبانپورہ نے اسد اللہ پاپا کو ان مقدمات میں ایماء میں رکھا ہے جبکہ مجموعی طور پر نامزد ملزموں میں سورج مسیح، شیراز، فخر زمان، نوید مہر، سرفراز مغل، عزیز اللہ خان، نور زمان ، ابوبکر خاں، شہریار، اعجاز مہر، لالہ لقمان، یحییٰ، اللہ دتہ، حیدر علی، زین علی، تبسم شامل ہیں۔ ایف آئی آر کے متن کے مطابق ملزموں نے ریاستی اداروں کے خلاف نعرے بازی اور روڈ بلاک سے منع کرنے پر پولیس سے مزاحمت اور سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دی تھیں جبکہ اس حوالے سے ایک ویڈیو بھی منظر عام پر آئی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ احتجاج سے روکنے پر پی ٹی آئی کے کارکنوں نے پولیس اہلکاروں کو تشدد کا نشانہ بھی بنایا ہے۔

ای پیپر دی نیشن