جیکب آباد‘ٹنڈو الہیار (این این آئی)اندرون سندھ خسرہ کی وباء نے ڈیرے ڈال لئے‘ 6معصوم زندگیاں لقمہ اجل بن گئیں ۔جبکہ سینکڑوں بچے اس موذی وباء سے متاثر ہیں۔ جیکب آباد اور گردونواح کے علاقوں میں خسرہ کی وباء تیزی سے پھیلنے لگی ہے، خسرہ کی وباء کے باعث تحصیل ٹھل کے نواحی گاؤں گلشیر کنرانی میں 4 سالہ لال زادہ کنرانی اور ریاض کالونی میں 8 ماہ کی زہرہ بتول خسرہ میں مبتلا ہوکر فوت ہوگئے جبکہ ضلع کے مختلف علاقوں میں سیکڑوں بچے خسرہ کی وباء میں مبتلا ہوچکے ہیں، ضلع میں خسرہ کی وباء تیزی پھیلنے کے باوجود محکمہ صحت کی جانب سے کوئی اقدامات نہیں کئے جارہے جس کی وجہ سے مزید اموات کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے، علاقہ مکینوں نے مطالبہ کیا ہے کہ خسرہ کی وباء پر قابو پانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں۔ ادھر ٹنڈوالہیار کے نواحی گائوں چندرو میو راجپوت میں خسرے کی بیماری چار زندگیاں نگل گئی ، مزید تین بچے بھی متاثر تشویشناک حالت میں سول ہسپتال منتقل، جاںبحق ہونیوالوں میں تین سگے بہن بھائی 5سالہ اقرا، 3سالہ عاشق، اور آصف بھی شامل ہیں جبکہ متاثر ہونیوالوں میں 5سالہ عادل، 3سالہ سالہ عاطف اور 6سالہ اشفاق شامل ہیں جنہیں تشویشناک حالت میں سول اسپتال حیدرآباد منتقل کردیا گیا۔واقعے کے بعد محکمہ صحت کے ڈی ایچ او کہنا ہے کہ مذکورہ متاثرہ علاقے میں ٹیمیں تشکیل دیکر روانہ کردی گئی ہیں اور سول ہسپتال ٹنڈوالہیار میں ایمرجنسی نافذ کرکے وارڈ بھی قائم کردیا گیا ہے۔جبکہ متاثرہ علاقے میں ایک وارڈ قائم کردیا گیا ہے جہاں 9سال تک کے بچوں کو خسرے کی ویکسین لگائی جائیں گے جو تین روز تک جاری رہے گی۔
جیکب آباد:2دن میں خسرے سے6بچے انتقال کرگئے‘سینکڑوں متاثر
Apr 28, 2024