وزیراعظم محمد شہباز شریف دورہ سعودی عرب کے دوسرے روز ریاض میں مصروف دن گزاریں گے۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف عالمی اقتصادی فورم کےآج سے شروع ہونے والے خصوصی اجلاس میں شرکت کریں گے جہاں وزیر اعظم عالمی صحت کے ایجنڈے کے حوالے سے ایک سیشن میں اظہارِ خیال کریں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ عالمی اقتصادی فورم کی سائیڈ لائینز پر آج وزیراعظم کی کویت کے امیر عزت مآب مشال آل احمد آل جبر سے ملاقات ہو گی جبکہ سعودی وزراء برائے خزانہ ، صنعت ، سرمایہ کاری سے ملاقاتوں کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔علاوہ ازیں وزیراعظم کی بل اینڈ میلینڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے کو چئیر مین، عالمی مالیاتی فنڈ کی مینیجنگ ڈائریکٹر اور صدر اسلامی ترقیاتی بینک سے ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔تعاون، ترقی اور توانائی : ریاض میں عالمی اقتصادی فورم کا خصوصی اجلاس سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی زیرصدارت عالمی اقتصادی فورم کا خصوصی 2 روزہ اجلاس آج سے ریاض میں شروع ہو رہا ہے جس میں وزیراعظم شہباز شریف سمیت ایک ہزار سے زیادہ سربراہان مملکت اور پالیسی ساز شرکت کر رہے ہیں۔عالمی اقتصادی فورم کا اجلاس 28 اور 29 اپریل تک جاری رہے گا، 92 ممالک کے سرکاری و نجی شعبے اور تعلیمی اداروں سے تعلق رکھنے والے اہم رہنما و مفکرین بھی مدعو ہیں جو فورم میں اپنے خیالات کا اظہار کریں گے۔سعودی عرب عالمی اقتصادی فورم کے ایک خصوصی اجلاس میں عالمی تعاون اور توانائی برائے ترقی پر توجہ دی جائے گی۔اس 2 روزہ اجلاس میں ایک ہزار سے زائد عالمی رہنماؤں کی میزبانی کا امکان ہے جن میں سربراہان مملکت اور حکومت کے ساتھ ساتھ سرکاری اور نجی شعبوں بین الاقوامی تنظیموں تعلیمی اداروں اور این جی اوز کے نمائندے بھی شامل ہیں۔خصوصی اجلاس میں مختلف حوالوں سے سیمینارز منعقد کیے جائیں گے جن کا مقصد پائیدار ترقی کے لیے عالمی سطح پر تعاون کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ نئی شراکت داری اور مختلف اقتصادی اور جغرافیائی سیاسی چیلنجز کا مشترکہ طور پر مقابلہ کرنا ہے۔
دورہ سعودیہ کادوسرا روز، وزیر اعظم ریاض میں آج مصروف دن گزاریں گے
Apr 28, 2024 | 12:11