تھانہ بنی گالا میں پی ٹی آئی ٹائیگر فورس پر درج مقد مہ میں تمام نامزد ملزمان بری 

Apr 28, 2024

اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت)سینئر سول جج قدرت اللہ نے تھانہ بنی گالا میں پی ٹی آئی ٹائیگر فورس پر درج مقد مہ میں خیبرپختون خواہ کے وزیر اعلی علی امین گنڈا پور سمیت تمام ملزمان کو بری کر دیا ۔ گزشتہ روز سماعت کے دوران علی امین گنڈاپوراپنے وکیل راجہ ظہور الحسن ایڈووکیٹ کے ساتھ عدالت پیش ہوئے اور کہا کہ پولیس نے چالان میں علی امین گنڈاپور کو بے گناہ کر دیا ہے ، میرے موکل کو بری کیا جائے ، مدعی مقدمہ عامر زمان اپنے وکیل رضوان اعظم عباسی کے ہمراہ عدالت کے روبرو پیش ہوئے ، مدعی کے وکیل نے کہا کہ وقوعے میں زخمی ہونے والا بندہ ملک سے باہر ہے ، عدالت نے کہا کہ اس کی سکائب آئی ڈی دیں، عدالت نے سکائپ کے ذریعے فائرنگ کے نتیجے میں زخمی ہونے والے شخص کا بیان ریکارڈ کرانے کی ہدایت کی ، مدعی کے وکیل نے کہا کہ علی امین گنڈا پور 109 کی حد تک تھے ، ان سے کمپرومائز ہو چکا ہے ، نامزد ملزمان کو بھی معاف کر دیا ہے ، عدالت کی جانب سے بیرون ملک ہونے کے باعث متاثرہ شخص محمد ولید کا آن لائن بیان لیا گیا ، عدالت نے استفسار کیا کہ اس مقدمے میں آپ نے راضی نامہ کر لیا ہے ؟ ، محمد ولید نے کہا کہ جی میں نے فی سبیل اللہ معاف کر دیا ہے ۔ عدالت نے علی امین گنڈاپور کو حاضری کے بعد واپس جانے کی اجازت دے دی اور کیس کی سماعت میں وقفہ کر دیا بعدازاں عدالت نے مقدمہ میں وزیر اعلی خیبر پختونخواہ علی امین گنڈا پور سمیت تمام ملزمان کو بری کر دیا ۔

مزیدخبریں