اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت) انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد کے جج طاہر عباس سپرا نے پی ٹی آئی رہنماؤ ں کے خلاف تھانہ انڈسٹریل ایریا میں درج مقدمہ میں ضمانت قبل از گرفتاری پر سماعت 17 مئی تک ملتوی کر دی۔ تھانہ سنمبل میں عامر مغل ، عامر کیانی اور فیصل جاوید کے خلاف مقدمہ درج ہے۔ فاضل جج نے کہا کہ سب درخواستیں ایک ساتھ ہی سن لیں گے آج ہمارے پراسیکیوٹر بھی نہیں ہیں،وکیل نے کہا کہ اس کیس میں چالان عدالت جمع ہو چکا کاروائی آگے بڑھ سکتی ہے، عدالت نوٹس جاری کرے جو پیش نہیں ہو رہے ان کے وارنٹ جاری کئے جائیں فاضل جج نے کہا کہ آج حاظری پوری کریں اور نقول وصول کر لیں، آج جس کی حاضری نہیں ہو گی اس کے وارنٹ گرفتاری جاری کروں گا، عامر محمود کیانی عدالت پیش نہیں ہوئے ہیں آپ کہتے ہیں ان کے وارنٹ جاری کرتے ہیں، میں آرڈر کروں گا اور وارنٹ گرفتاری قابل ضمانت جاری کریں گے،فیصل جاوید نے کہا کہ میں دور سے آتا ہوں پشاور سے آنا پڑتا ہے اور ہر تاریخ پر آتا ہوں لمبی تاریخ دے دیں، فاضل جج نے کہا کہ آپ آج کل اسلام آباد میں نہیں رہ رہے ؟ ویسے آج پشاور جانے کا موسم نہیں،فیصل جاوید نے کہا کہ جی نہیں آج آپ کے پاس ہی ہیں ویک اینڈ ادھر ہی ہے، عدالت نے حاضری مکمل کر کے نقول تقسیم کرنے کی تاریخ 17 مئی مقرر کر دی۔
پی ٹی آئی رہنماؤ ں کیخلاف تھانہ انڈسٹریل ایریا میں درج مقدمہ کیس کی سماعت17 مئی تک ملتوی
Apr 28, 2024