اسلام آباد میں نوجوانوں کیلئے متعین کوٹے پرعملدرآمد، وزیراعلی گلگت بلتستان کا وزیراعظم کوخط

Apr 28, 2024

اسلام آباد (آئی این پی ) وزیر اعلی گلگت بلتستان گلبر خان نے وزیراعظم شہباز شریف کو خصوصی مراسلہ لکھ دیا۔ وزیراعلی گلگت بلتستان کی جانب سے لکھے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ سٹیبلشمنٹ ڈویژن اسلام آباد میں گلگت بلتستان کے نوجوانوں کیلئے متعین کوٹے پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے، سوشل سیکورٹی انسٹیٹیوشن، لیبر ڈیپارٹمنٹ سمیت وفاقی اداروں میں مشتہر آسامیوں پر گلگت بلتستان کے کوٹہ پر عمل کروایا جائے۔ حاجی گلبر خان نے کہا کہ گلگت بلتستان کے پڑھے لکھے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کیلئے سٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے متعین کوٹے کو یقینی بنانے میں وزیر اعظم بھرپور کردار ادا کریں۔ وزیر اعلی گلگت بلتستان نے مراسلے میں کہا کہ اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری کے محکموں میں گلگت بلتستان کے کوٹے پر عملدرآمد سے بے روزگاری میں کمی آئے گی اور کوٹے پر عملدرآمد نوجوانوں کے روشن مستقبل کیلئے ایک مثبت اور اچھی خبر ہوگی۔

مزیدخبریں