جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے لئے مسئلہ کشمیر کا منصفانہ حل ناگزیر ‘مرزا آصف جرال 

Apr 28, 2024

میرپور(نامہ نگار)سابق ایڈمنسٹریٹر میو نسپل کارپوریشن میرپور مرزا طاہر جرال نے پاکستان و آزاد کشمیر کے دورہ پر آئے ہوئے معروف کشمیری نژاد سیاسی و سماجی راہنما اور جموں و کشمیر ڈیموکریٹک فورم فرانس کے چیئرمین مرزا آصف جرال کے اعزاز میں میرپور میں ایک شاندار تقریب کا اہتمام کیا ۔ جس میں سیاسی،سماجی، سول سوسائٹی اور اوورسیز احباب نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔تقریب کے مہمان خصوصی مرزا آصف جرال نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے لئے مسئلہ کشمیر کا منصفانہ حل ناگزیر ہے۔ پاکستان اور بھارت دونوں ایٹمی طاقتیں ہیں۔کسی بھی فریق کی طرف سے باقاعدہ جنگ مسلط کی گئی تو اس سے نہ صرف اس خطے بلکہ دنیا بھر کا امن تباہ ہو سکتا ہے اور اس کی قیمت پاکستان، بھارت اور خطہ جموں وکشمیر کے عوام کو چکانی پڑے گی جن کی اکثریت پہلے ہی غربت کی چکی میں پس رہی ہے۔ انھوں نے اقوام متحدہ اور عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اس خطہ میں پائیدار امن اور عوام کی خوشحالی کے لیے مسئلہ کشمیر کو منصفانہ بنیادوں پر حل کرانے میں اپنا موثرکردار ادا کرے۔ انھوں نے مشرق وسطیٰ میں بھی مستقل امن کے لئے غزہ میں فوری جنگ بندی اور مسئلہ فلسطین کے حل کی ضرورت پر بھی زور دیا۔تقریب کے مہمان خصوصی آصف جرال نے سابق ایڈمنسٹریٹر بلدیہ مرزا طاہر جرال کا تقریب ملاقات کا اہتمام کرنے اور حاضرین محفل کا شرکت کرکے خلوص کا مظاہرہ کرنے پر شکریہ ادا کیا۔میزبان مرزا طاہر جرال اور دیگر شرکاء تقریب نے مرزا آصف جرال کی سیاسی و سماجی خدمات کو سراہتے ہوئے مسئلہ کشمیر کو بھرپور انداز میں بین الاقوامی فورمز پر اجاگر کرنے پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔

مزیدخبریں