مظفرآباد(نامہ نگار) وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق کا دورہ حویلی کے لیے تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں۔ لس ڈنہ تا پنڈال تک راستوں کو آزاد کشمیر سمیت اتحادی جماعتوں کے پرچموں اور بینرز سے سجانا شروع کر دیا گیا۔ راستوں کے دونوں اطراف خیر مقدمی بینرز کے علاوہ فخر کشمیر سابق وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ ممتاز حسین راٹھور، فرزند راٹھور وزیر بلدیات و دیہی ترقی راجہ فیصل ممتاز راٹھور سمیت دیگر زعما حویلی کے قد آور فوٹوز /بینرز بھی لگانا شروع کر دیے گئے۔ تمام سیاسی جماعتوں نے متفقہ طور پر مشترکہ استقبال کے لیے کمیٹیاں قائم کر دیں۔ وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق اور ان کے ساتھ آنے والے وزراء اور دیگر قائدین کو ان کے پنڈال تک لایا جائے گا۔ جہاں ان کا والہانہ استقبال کیا جائے گا۔ اس موقع پر تمام برادریوں کے زعما نے مشترکہ طور پر وزیراعظم آزاد کشمیر کا والہانہ پرتپاک استقبال کرنے کے لیے سر جوڑ رکھے ہیں۔ ذرائع کے مطابق دورہ حویلی کے دوران وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق علاقے کے لیے بڑے پیکجز کا اعلان بھی کر سکتے ہیں ۔ اس موقع پر وزیر بلدیات و دیہی ترقی راجہ فیصل ممتاز راٹھور کی قیادت میں غیوران حویلی اپنے محبوب وزیراعظم آزاد کشمیر کا شاندار اور والہانہ استقبال کریں گے۔