وفاقی وزیرقانون اعظم نذیر تارڑ نےکہا ہےکہ حکومت سوشل میڈیا سے متعلق قانون سازی پر کام کر رہی ہے، انٹرنیٹ استعمال کرنے والوں کے رویے پر مزید پالیسی گائیڈ لائنز متعارف کرائی جائےگی۔ لاہور میں عاصمہ جہانگیر کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئے اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ وہ اظہار رائے کے حامی ہیں، ڈیجیٹل رائٹس اور قابل اعتراض مواد کے معاملے میں جلد بہتری آئےگی۔اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا کی بندش کا مسئلہ صرف پاکستان میں نہیں، امریکا، کینیڈا اور آسٹریلیا میں بھی سوشل میڈیا کے مسائل موجود ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کی سابق اتحادی حکومت نے سوشل میڈیا سے متعلق کمیٹی بھی بنائی تھی مگر پھر نگران حکومت آگئی جس کی وجہ سے کام رک گیا۔وفاقی وزیر قانون نےکہا کہ میٹا اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ساتھ مشاورت کر رہے ہیں اور ان کا مؤقف بھی سن رہے ہیں، سوشل میڈیا سے متعلق پالیسی پر دوبارہ کام شروع کر دیا ہے۔
انٹرنیٹ استعمال کرنیوالوں کے رویے پر مزید پالیسی گائیڈلائنز متعارف کرائینگے: وزیرقانون
Apr 28, 2024 | 21:19