وزارت پانی وبجلی کے ذرائع کے مطابق نيپرا کا ترميمی آرڈيننس سترہ اگست سے غير مؤثرہوچکا ہے جبکہ نيپرا نے چوبیس اگست کو بجلی کے نرخوں ميں ماہانہ فيول ايڈجسٹمنٹ کی مد ميں چھبیس پيسے فی يونٹ اضافے کی منظوری دی تھی۔ ذرائع کے مطابق ترميمی آرڈيننس کے مؤثر ہونے تک نيپرا ماہانہ فيول ايڈجسٹمنٹ براہ راست صارفين پر منتقل نہيں کرسکتی۔ نيپرا کے ترميمی آرڈيننس ميں رواں سال بیس اپريل کو چار ماہ کےلئے توسيع دی گئی تھی۔ دوسری جانب نيپرا نے حاليہ بجلی کے نرخوں ميں اضافے کی سمری نوٹيفکيشن کےلئے وزارت پانی وبجلی کو ارسال کردی ہے۔ وزارت پانی وبجلی کی جانب سے تاخير کی صورت ميں صارفين کوآئندہ چند ماہ کے دوران اضافی بوجھ برداشت کرنا پڑے گا۔ واضح رہے کہ نيپرا ترميمی آرڈيننس تين مرتبہ توسيع کی جاچکی ہے تاہم اسے مستقل قانون کی شکل نہيں دی جاسکی۔