سیالکوٹ میں تیرہ روز قبل پولیس کی موجودگی میں قتل ہونیوالے دوبھائیوں کےمقدمہ میں گرفتار پانچ پولیس اہلکاروں سمیت بیس ملزمان کو آج گوجرانوالہ کی انسداد دہشتگردی کی عدالت پیش کیا جانا تھا۔ تاہم اب انہیں سوموارکے روزصبح آٹھ بجےخصوصی عدالت کے روبرو پیش کیا جائے گا۔ پنجاب حکومت کی جانب سے اس سانحہ کی تحقیقات کیلئے پانچ رکنی سپیشل جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم نےتمام گواہان اور فریقین سمیت پولیس افسران کے بیانات ریکارڈ کرلئے ہیں۔ اس کے علاوہ پولیس نے دونوں بھائیوں کے قبضہ سے برآمد ہونے والے دو پستول، گولیاں، کٹر، موٹرسائیکل، ایک بیگ اورموبائل فون قبضہ میں لے لئے ہیں۔ مقدمہ میں نامزد سترہ ملزمان میں سے پندرہ جبکہ تیرہ پولیس اہلکاروں میں سے پانچ کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ واقعہ کا مرکزی ملزم معطل انسپکٹررانا محمد الیاس اور دیگر آٹھ پولیس ملازمین تاحال مفرور ہیں۔