سیاچن: فوجی انخلا مسترد، دونوں ملک فوری حل کیلئے مذاکرت پر متفق ہیں: انتھونی

نئی دہلی (آن لائن) بھارتی وزیر دفاع اے کے انتھونی نے سیاچن سے فوجی انخلاء سے متعلق رپورٹس کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے بھارت اور پاکستان نے سیاچن مسئلے کے فوری حل کے لئے مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔ بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ بات وزیر دفاع اے کے انتھونی نے پیر کے روز لوک سبھا میں ایک سوال کے تحریری جواب میں کہی ہے۔وزیر دفاع نے ایوان کو بتایا 1984ءسے لیکر اب تک سیاچن گلیشئیر میں 846 فوجی جوان اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ 11-12جون 2012ءکو پاک بھارت سیکرٹریز دفاع کے مابین سیاچن کے معاملے پر مذاکرات کے 13ویں دور کے دوران دونوں فریقین نے معاملے کے قابل قبول حل کے لئے سنجیدہ، پائیدار اور نتیجہ خیز کوششیں بروئے کار لانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ یہ اتفاق کیا گیا ہے کہ تمام حل طلب معاملات کے فوری حل کے لئے دونو ں ممالک کے رہنماﺅں کی خواہش کو مد نظر رکھتے ہوئے سیاچن پر مذاکرات جاری رکھے جائیں گے۔ بھارتی وزیر دفاع نے سیاچن گلیشئیر سے فوجی انخلاءکی رپورٹس کو رد کرتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں ہوا ہے۔ علاقے میں فوجیوں کی کسی بھی قسم کی تعیناتی یا دوبارہ تعیناتی کا تعلق درپیش خطرے، زمینی صورت حال اور دیگر آپریشنل پہلوﺅں سے ہوتا ہے۔

ای پیپر دی نیشن