اسلام آباد (سپورٹس رپورٹر) پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر سید کلیم امام نے کہا ہے کہ ملک میں دو اولمپک ایسوسی ایشنوں کا تنازعہ کھیلوں کیلئے مزید مشکلات کا باعث بنے گا۔ تنازعہ جلد حل نہ ہوا تو انٹرنیشنل اولمپک ایسوسی ایشن پاکستان پر پابندی عائد کر سکتی ہے اور پاکستان انٹرنیشنل ایونٹس میں شرکت نہیں کر پائے گا، حکوم تپی او اے کے دونوں دھڑوں میں تنازعہ حل کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔ اب تک یہ مسئلہ حل ہو جانا چاہئے تھا، صرف عہدے لینے اور بیرون ملک دورے کرنے کی بجائے ہمیں مل کر ملک میں کھیلوں کی ترقی کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہو گا، کھیلوں کی ترقی کیلئے احتساب اور شفافیت ناگزیر ہے۔ نظم و ضبط کی خلاف ورزی پر پاکستان ٹینس فیڈریشن کے سیکرٹری کو شوکاز نوٹس دیا جائیگا۔ وہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کی جانب سے اپنے اعزاز میں منعقدہ ظہرانے سے خطاب کر رہے تھے۔
پی او اے کا تنازعہ جلد حل نہ ہوا تو پاکستان پر پابندی عائد ہو سکتی ہے : کلیم امام
Aug 28, 2013