اسلام آباد (رائٹرز) رواں مالی سال کے پہلے مہینے کے دوران حکومت کی جانب سے ٹیکس اصلاحات کے نتیجے میں ٹیکس وصولیوں میں 25 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ عالمی مالیاتی ادارے کی جانب سے پاکستان میں بالخصوص اشرافیہ طبقے کی جانب سے ٹیکس چوریوں پر خصوصی نظر رکھی جا رہی ہے۔ پاکستانی حکومت کی جانب سے طے شدہ اصلاحات کے نفاذ میں کسی بھی تاخیر کی صورت میں آئی ایم ایف کی جانب سے پاکستان کو قرضوں میں کمی ہوسکتی ہے۔ عالمی ادارے نے گزشتہ ماہ پاکستان کی کمزور معیشت کو سہارا دینے کیلئے 6.6 ارب ڈالر کا قرضہ دینے کا اعلان کیا تھا۔ وزارت خزانہ نے گزشتہ بجٹ کے دوران جی ایس ٹی کو 16 فیصد سے بڑھا کر 17 فیصد کر دیا تھا جس کی وجہ سے جولائی کے مہینے میں 1.3 ارب ڈالر وصول ہوئے۔ حکومتی اصلاحات کی بدولت 2012ء کے اسی عرصے کی نسبت ٹیکس وصولیوں میں 25 فیصد اضافہ ہوا۔ ایک اندازے کے مطابق رواں مالی سال حکومت کو 207 ارب روپے اضافی وصولیاں ہونگی۔ حکومت نے مزید 5 لاکھ افراد کو ٹیکس نیٹ میں لانے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے مطابق گزشہ ماہ 10,935 افراد کو ٹیکس کے نوٹس بھیجے گئے۔