لاہور (کلچر رپورٹر) ہلال احمد متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ حمد عبداللہ اسماعیل ابوسیم آل علی نے کہا ہے کہ وہ برصغیر کے عظیم اور قدیم ترین رفاہی ادارے انجمن حمایت الاسلام کے لئے دلی محبت کے جذبات رکھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انجمن حمایت اسلام کے زیر انتظام تعلیمی اداروں اور دارالشفقت فار بوائز اینڈ گرلز کے کفالتی اور تربیتی پروگرام سے بہت متاثر ہوا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں انجمن حمایت اسلام کے جاری اور زیر تعمیر منصوبوں کے لئے عملی تعاون کر کے بے حد مسرت ہوگی۔ شیخ حمد عبداللہ اسماعیل ابوسیم آل علی گزشتہ روز انجمن حمایت اسلام کے زیر انتظام دارالشفقت میں بالی میموریل ٹرسٹ، ایس او ایس ویلیج، الخدمت فاؤنڈیشن ، کوئیک ایکشن فاؤنڈیشن اور حمایت اسلام دارالشفقت کے بچوں اور بچیوں میں ہلال احمر یو اے ای کی جانب سے عید کے تحائف تقسیم کرنے کی تقریب میں مہمان خصوصی تھے۔ اس موقع پر انجمن حمایت اسلام کے صدر جسٹس (ر) منظور حسین سیال نے معزز مہمان اور ان کے ساتھیوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے انہیں انجمن کے آئندہ منصوبوں میں مالی تعاون، اعانت اور معاونت کی دعوت دی۔