کابل (اے ایف پی+ نیوز ایجنسیاں) افغانستان میں طالبان نے 12افغان شہریوں کو حکومت کے لیے کام کرنے پر قتل کر دیا۔ مغربی صوبے ہرات سے طالبان نے چار افغان انجینئر اور دو مزدوروں کو اتوار کے روز صوبہ ہرات سے اغوا کیا تھا اور ان افراد کی لاشیں ملیں۔ یہ افراد ورلڈ بینک کی فنڈنگ سے دیہی ترقی کے ایک منصوبے ’’سولیڈیرٹی پروگرام‘‘ پر کام کر رہے تھے۔ ادھر مشرقی صوبہ پکتیا میں طالبان نے چھ افغان باشندوں کو قتل کر دیا۔ خبر رساں ادارے رائیٹرز کے مطابق یہ تمام ڈرائیور تھے اور انہیں حکومت کے لیے کام کرنے پر قتل کیا گیا۔ تقریباً دو ہفتے قبل صوبہ غزنی میں افغان سکیورٹی فورسز کے لیے کام کرنے والے آٹھ افراد کو قتل کیا گیا تھا۔ جرائم کی تحقیقات کرنے والے صوبائی محکمہ کے سربراہ اسرائیل خان نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے افراد وزارت کے ایک پروگرام پر کام کررہے تھے۔ قتل ہونے والوں میں پانچ امدادی کارکن تھے۔