لاہور(خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ چین کے صدر ژی جن پنگ ستمبر کے وسط میں پاکستان کے دورے پر آرہے ہیں، چینی صدر کا یہ دورہ پاکستان کے لئے غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے اور پوری پاکستانی قوم ان کے استقبال کے لئے تیار ہے۔ وہ گزشتہ روز بیجنگ میں پاک چین جوائنٹ کوآرڈی نیشن کمیٹی کے تیسرے اجلاس کے بعد پی ٹی وی کے نمائندے سے گفتگو کر رہے تھے۔ شہبازشریف نے کہاکہ اپنے دورے کے دوران چینی صدر پاکستان میں چین کے تعاون سے بجلی اور انفراسٹرکچر کے جاری منصوبوں کا معائنہ کرنے کے علاوہ نئے منصوبوں کا سنگ بنیاد بھی رکھیں گے۔ حزب اقتدار اور حزب اختلاف سے قطع نظر پوری پاکستانی قوم چینی صدر کے استقبال کیلئے چشم براہ ہے۔ ایک سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ نے کہاکہ احتجاجی دھرنوں سے ترقیاتی منصوبوں کو غیر معمولی نقصان پہنچا ہے اور راولپنڈی اسلام آباد میٹروبس منصوبے کو تاخیر کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ پیشترازیں پاک چین جوائنٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کے تیسرے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے بتایا کہ اورنج لائن میٹرو ٹرین کے منصوبے پر تیزی سے کام جاری ہے اور بہت جلد اس کے کنٹریکٹرز کا ا نتخاب کر لیا جائے گا۔ وفاقی وزیر پلاننگ احسن اقبال نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ خنجراب، گوادر موٹروے کی تعمیر خطے میں وسیع تر اقتصادی تعاون کا پیش خیمہ ثابت ہوگی۔ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں پاک چین دوستی کی نئی تاریخ رقم کی جا رہی ہے۔ احسن اقبال نے اجلاس کو اکنامک کوریڈور کے منصوبے کے ضمن میں ہونے والی پیشرفت کی تفصیلات سے آگا ہ کیا۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے اس موقع پر بتایاکہ گوادر پورٹ کی تعمیر و ترقی کے لئے تیزی سے کام جاری ہے اور ا س ضمن میں اراضی کے حصول کا عمل مکمل ہو چکا ہے۔ صوبے میں گزشتہ برس کے دوران امن عامہ کی صورتحال میں بھی بہتری آئی ہے اور آنے والا دور بلوچستان کی تعمیر و ترقی کا دور ہوگا۔ دریں اثناء شہبازشریف نے بیجنگ میں چینی حکام اور سرمایہ کار کمپنیوں کے سربراہان سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان میں بڑے پیمانے پر چینی سرمایہ کاری چین کا پاکستان پر بھرپور اعتماد کا مظہرہے۔ چین نے پاکستان کو تاریخ کا سب سے بڑا ترقیاتی پیکیج دے کر دوستی کا حق نبھایا ہے اور پاکستان میں چین کے سرمایہ کار اور مختلف کمپنیاں متعدد شعبوں میں سرمایہ کاری کر رہی ہیں۔ چین کے اشتراک سے اکنامک کوریڈور کا منصوبہ بھی انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ منصوبے کی تکمیل سے پاکستان معاشی طور پر مضبوط ہوگا اور ملک میں تجارتی، معاشی و صنعتی سرگرمیاں بڑھیں گی جس سے غربت اور بیروزگاری کے مسئلے پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ پاکستان خصوصاً پنجاب میں چینی سرمایہ کاروں کیلئے انتہائی سازگار ماحول فراہم کیا گیا ہے۔ اس موقع پر انرجی، انفراسٹرکچر اور صحت کے شعبے میں چین کی طرف سے مزید سرمایہ کاری پر آمادگی کا اظہار کیا گیا۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ شہباز شریف نے پاکستان کے صدارتی ایوارڈ یافتہ معروف قاری و نعت خواں قاری محمد اعجاز کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔