کراچی: خونریزی میں تیزی، ٹی وی پروڈیوسر، سب انسپکٹر سمیت 10 افراد قتل

Aug 28, 2014

کراچی (نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی) شہر قائد میں گزشتہ روز 3 پولیس اہلکاروں، ٹی وی پروڈیوسر ڈاکٹر سمیت 10 ٹارگٹ کلنگ کا شکار ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق کورنگی نمبر پانچ میں موٹرسائیکل سوار نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک پولیس افسرجاں بحق ہوگیا۔ جاں بحق پولیس افسر کی شناخت سب انسپکٹر صاحب ڈنو کے نام سے ہوئی جو وزیراعلیٰ ہائوس ڈیوٹی دینے جارہا تھا۔ حملہ آور جاں بحق سب انسپکٹرکی نیم پلیٹ بھی اپنے ساتھ لے گئے۔ پولیس نے نعش کو جناح ہسپتال منتقل کردیا۔ اسی علاقے کے قریب کورنگی ساڑھے 5 میں نامعلوم افراد کی کلینک پر فائرنگ سے ایک ڈاکٹر دم توڑ گیا۔ دوسری جانب کراچی کے مختلف علاقوں میں رینجرز نے چھاپہ مار کارروائیاں کرتے ہوئے7  مبینہ ملزموں کو گرفتار کرلیا۔کارروائیاں محمد نگر، لیاقت آباد ایف سی ایریا،کالا پل کے قریب اور لیاری کے علاقوں میں کی گئیں۔ ادھر ناگن چورنگی پر گزشتہ رات نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 2 پولیس اہلکار جاں بحق ایک شدید زخمی ہو گیا۔ فائرنگ کے بعد حملہ آور فرار ہو گئے جبکہ پولیس کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ ادھر شہر کے دیگر علاقوں میں پرتشدد واقعات کے دوران 5 افراد کو قتل کر دیا گیا تاہم تفصیلات کا علم نہ ہو سکا۔ ایس طرح رات گئے کورنگی میں نامعلوم افراد نے نجی ٹی وی کے ایسوسی ایشن پروڈیوسر نادر شاہ کو گھر کے باہر گولیاں مار کر قتل کردیا۔
کراچی/ ہلاکتیں

مزیدخبریں