اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوتے کہا کہ وزیراعظم اخلاص کے ساتھ معاملہ حل کرنا چاہتے ہیں وزیراعظم کو مشورہ دیا ہے کہ قومی مفاد میں کوئی انا کا مسئلہ نہ بنائیں۔، آج کا دن اہم ہے دھرنا دینے والوں کو منایا جائے۔ وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فاروق ستار نے بتایا کہ تحریک انصاف، طاہرالقادری اور دیگر رہنمائوں سے ملاقاتوں کانچوڑ وزیراعظم کے سامنے رکھا، حکومت اوراحتجاج کرنیوالی جماعتوں سے کہا کہ وہ افہام وتفہیم سے مسئلہ حل کریں، حکومت بڑی فریق ہے، بڑے دل کا مظاہرہ کرے، ایسی پیشکش کرے جس سے حل نکل آئے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے ہماری باتوں کو کھلے دل سے سنا۔ فاروق ستار کا کہنا تھا کہ حکومت خود تجزیہ کرے کہ وہ کیا دینے کی پوزیشن میں ہے، حکومت ایسی پیشکش سامنے رکھے کہ احتجاج کرنیوالوں کی ضرورت پوری ہوجائے۔ انہوں نے کہا کہ دھرنے دینے والوں کو کسی بھی صورت منایا جائے۔ وزیراعظم سے کہا ہے کہ اب بھی گنجائش ہے معاملے کو خوش اسلوبی سے حل کیا جائے، ہم نے مشورہ دیا کہ اس وقت یہ نہ دیکھا جائے کہ کیا روایت قائم ہوگی۔ فاروق ستار کا کہنا تھا کہ وزیراعظم اخلاص کے ساتھ معاملہ حل کرنا چاہتے ہیں۔
فاروق ستار