ملک کے رکھوالے پالیسیاں بنا رہے ہیں، حکمران ان سے بریفنگ لیتے ہیں: طلال بگٹی

کوئٹہ (آن لائن) جمہوری وطن پارٹی کے سربراہ نوابزادہ طلال اکبر بگٹی نے سابق ڈکٹیٹر پرویز مشرف کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کیخلاف آج بھی سازشیں ہورہی ہیں اور ان سازشوں کو ناکام بنانے کیلئے پنجاب کو اٹھ کھڑا ہونا ہوگا۔ اگر پاکستان کو کوئی نقصان پہنچا تو سب سے زیادہ خمیازہ پنجاب کو بھگتنا پڑیگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز نواب اکبر خان بگٹی کی برسی کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش کے حالات سب کے سامنے ہیں اور ہمیں ان سے سبق سیکھنا چاہئے۔ ملک اور قوم کے رکھوالے ہی پالیسیاں بنا رہے ہیں اور حکمران جب بھی بیرون ممالک کے دوروں پر جاتے ہیں تو انہی سے بریفنگ لیکر جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم بلوچ رہنمائوں سے بھی مذاکرات کرکے انہیں واپس لایا جائے اور اس سلسلے میں اگر حکومت نے مجھے کوئی ذمہ داری سونپی تو میں کردار ادا کروں گا۔ انتخابات میں جو کچھ ہوا وہ کسی سے ڈھکی چھپی بات نہیں۔ تقریب میں اقبال شاہ، رفیق پشتون، ملک شمس الدین کاکڑ، اورنگزیب کاسی، نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء ڈاکٹر عبدالحئی بلوچ، عوامی نظام الدین کاکڑ نے نواب اکبر بگٹی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے حالات زندگی پر روشنی ڈالی۔ اس موقع پر قرآن خوانی اور لنگر تقسیم کیا گیا۔
طلال بگٹی

ای پیپر دی نیشن