لاہور (خصوصی رپورٹر) لیفٹیننٹ جنرل (ر) حمید گل افواج پاکستان کے بہادر سپوت اور نظریہ¿ پاکستان کے بے باک ترجمان تھے۔ آپ ایک سچے نظریاتی انسان تھے۔ ان خیالات کا اظہار تحریک پاکستان کے مخلص کارکن، سابق صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان اور نظریہ¿ پاکستان ٹرسٹ کے چیئرمین محمد رفیق تارڑ نے ایوان کارکنان تحریک پاکستان، لاہور میں ممتاز دانشور اور آئی ایس آئی کے سابق سربراہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) حمید گل کی وفات پر اظہار تعزیت اور ان کی حیات و خدمات کو خراج عقیدت پیش کرنے کےلئے منعقدہ تعزیتی ریفرنس کے دوران اپنے صدارتی خطاب میں کیا۔ ریفرنس کا اہتمام نظریہ¿ پاکستان ٹرسٹ نے تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے اشتراک سے کیا تھا۔ اس موقع پر وائس چیئرمین نظریہ¿ پاکستان ٹرسٹ پروفیسر ڈاکٹر رفیق احمد، مرکزی رہنما جماعت الدعوة عبدالرحمن مکی، احمد اویس ایڈووکیٹ، لیفٹیننٹ جنرل (ر) ذوالفقار علی خان، سابق سربراہ آئی بی بریگیڈیئر (ر) محمد یوسف، صدرجمعیت علمائے پاکستان پیر اعجاز ہاشمی، ممتاز دانشور و کالم نگار ڈاکٹر اجمل نیازی، سابق سینیٹر اور معروف سیاسی و سماجی شخصیت چوہدری نعیم حسین چٹھہ، معروف کالم نگار رو¿ف طاہر، صدر تحریک نوجواناں پاکستان لاہور ڈاکٹر احسان ظفر، مولانا محمد شفیع جوش، بیگم صفیہ اسحاق، ایم کے انور بغدادی، عزیز ظفر آزاد سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے خواتین وحضرات کی کثیر تعداد موجود تھی۔ پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک،نعت رسول مقبول اور قومی ترانہ سے ہوا۔ قاری امجد علی نے تلاوت کلام پاک کی سعادت حاصل کی جبکہ مولانا علی رضا نے بارگاہ رسالت مآب میں ہدیہ¿ عقیدت پیش کیا۔ پروگرام کی نظامت کے فرائض سیکرٹری نظریہ¿ پاکستان ٹرسٹ شاہد رشید نے انجام دیئے۔ محمد رفیق تارڑ نے کہا حمید گل جنوب مشرقی ایشیا میں پاکستان کے کردار کے حوالے سے اٹل مو¿قف کے حامی تھے۔ آپ بھارت کو ازلی دشمن تصور کرتے تھے اور اس کے ساتھ دوستانہ روابط کے حامیوں کے دلوں میں کانٹے کی طرح کھٹکتے تھے۔ وہ صدق دل سے سمجھتے تھے تمام مسائل و مشکلات کے باوجود پاکستان عروج حاصل کرے گا اور اس مملکت کے بدخواہوں کو بالآخر خاک چاٹنا پڑے گی۔ حمید گل بڑھاپے میں بھی نوجوانوں سے زیادہ متحرک تھے۔ پاکستان اور ملت اسلامیہ کیلئے ان کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ آپ نظریہ¿ پاکستان ٹرسٹ کی ایڈوائزری کونسل کے انتہائی فعال رکن تھے اور ڈاکٹر مجید نظامی سے والہانہ عقیدت رکھتے تھے اور کہا کرتے تھے ڈاکٹر مجید نظامی قائداعظم کے حقیقی وارث ہیں جو پاکستان دشمن قوتوں کے خلاف برسرپیکار ہیں۔ ڈاکٹر رفیق احمد نے کہا حمید گل محض فوجی ہی نہیں بلکہ نظریاتی دانشور بھی تھے۔ آپ ہندو کی چالاکیوں کو سمجھتے اور قوم کو اس سے آگاہ کرتے تھے۔ پاکستان سے محبت کرنے والوں کی یاد میں تقاریب کے انعقاد سے پاکستان سے محبت میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔ نئی نسل کو حمید گل کے خیالات سے آگاہ کرنے کیلئے ہم کتابچہ بھی شائع کریں گے۔ احمد اویس ایڈووکیٹ نے کہا حمید گل ایسا فوجی تھا جو جب وردی میں تھا تو پاک فوج کا فخر تھا اور جب وردی اتار دی تو عالم اسلام کا ایسا دانشور بنا جس پر پوری امت کو فخر تھا۔ ہمیں حمید گل کی سوچ کو آگے بڑھانے کی ضرورت ہے۔ عبدالرحمن مکی نے کہا حمید گل کا انتقال بلاشبہ پوری پاکستانی قوم بلکہ عالم اسلام کا ایک نقصان ہے۔ اچھے اور برے طالبان کی تمیز ضروری ہے، ہر ایسا شخص جس کی گولی کا رخ ملک کے اندر ہے وہ انتہائی برا ہے اور جس شخص کا سینہ ملک دشمنوں کے سامنے سینہ سپر ہے وہ اچھا ہے۔ ہمیں اپنے بنیادی نظریات کو کبھی فراموش نہیں کرنا چاہیے۔ حکومت تعلیم پر خاص توجہ دے اور اسے این جی اوز کے حوالے نہ کرے۔ چوہدری نعیم حسین چٹھہ نے کہا حمید گل اپنی صاف گوئی کی وجہ سے ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے۔ آپ نے افغانستان میں روسی اور بھارتی عزائم کو ناکام بنایا۔ بریگیڈیئر (ر) محمد یوسف نے کہا حمید گل سچے اور کھرے پاکستانی اور نظریہ¿ پاکستان کے زبردست حامی تھے۔ پاکستان دشمن قوتیں ان سے ڈرتی تھیں۔ پیر اعجاز ہاشمی نے کہا حمید گل مردِ مجاہد تھے، ان کی رگ رگ میں دوقومی نظریہ موجود تھا۔ آپ محب وطن پاکستانی اور اسلام کے سپاہی تھے۔ ڈاکٹر اجمل نیازی نے کہا حمید گل سے ملک دشمن عناصر ڈرتے تھے۔ دنیا کی بڑی سے بڑی طاقت بھی اس کہسار صفت شخص کو اپنے مو¿قف سے پیچھے نہیں ہٹا سکی۔افغانستان کی تاریخ جب بھی لکھی جائے گی حمید گل کا ذکر ضرور ہو گا۔ رﺅف طاہر نے کہا حمید گل کا شمار پاکستان کی عسکری ہی نہیں بلکہ قومی تاریخ کی قدآور شخصیات میں ہوتا ہے۔ احسان ظفر نے کہا حمید گل عالم اسلام کے ایک عظیم جرنیل تھے جنہوں نے انتہائی سادہ زندگی بسر کی۔ شاہد رشید نے کہا حمید گل کے انتقال سے پاکستانی قوم ایک سچے کھرے محب وطن انسان سے محروم ہو گئی ہے۔ آپ جرا¿ت اور عزم وعمل کا نشان تھے۔ پروگرام کے آخر میں مولانا محمد شفیع جوش نے حمیدگل کے ایصال ثواب اور بلندی¿ درجات کیلئے دعا کرائی۔
حمید گل