مودی نے دعوت دی تو ضرور بھارت جاﺅنگا مگر بات صرف کشمیر پر ہوگی: سراج الحق

Aug 28, 2015

لاہور (خصوصی نامہ نگار) جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ اگر بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے بھارت کے دورہ کی دعوت دی تو وہ انڈیا ضرور جائیں گے مگر بات صرف کشمیر پر ہوگی۔ کشمیر کو چھوڑ کر آلو پیاز اور ٹماٹر کی تجارت اور کرکٹ کی بحالی کی باتیں محض فراڈ اور دھوکہ ہے، عوام ساتھ دیں تو میں انہیں پرامن پاکستان دینے کا وعدہ کرتا ہوں، مسئلہ کشمیر کے حل تک جنوبی ایشیا میں امن کا قیام خام خیالی ہے، کشمیر پر غاصبانہ قبضے کی بھارت کو بہت بھاری قیمت چکانا پڑ رہی ہے، بھارت میں کروڑوں عوام غربت کی چکی میں پس رہے ہیں ، بھوکے ننگے عوام فٹ پاتھوں پر سونے پر مجبور ہیں، مودی کو کشمیر چھوڑ کر غربت کے مارے لوگوں کو روٹی کپڑا اور چھت دینے کی فکر کرنی چاہیے۔ جماعت اسلامی کے مرکزی میڈیا سیل کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے بھارتی صحافی کے سوالوں کے جواب اور ویسٹ لندن سلاﺅ سٹی میں پاکستانی کمیونٹی کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا اقوام متحدہ کے چارٹر پر کشمیر اور فلسطین کا مسئلہ سب سے بڑا ہے مگر آج تک مسلم اکثریت کے ان علاقوں پر قابض یہود و ہنود کو وہاں سے نکالنے کے لیے کوئی متفقہ لائحہ عمل نہیں بنایا گیا جبکہ مشرقی تیمور اور جنوبی سوڈان کو مسلم ممالک سے الگ کر دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر مغرب واقعی جمہوریت سے مخلص ہے تو اسے مسلم ممالک کے عوام کے حق انتخاب کو تسلیم کرتے ہوئے وہاں کے منتخب عوامی نمائندوں کا ساتھ دینا چاہیے۔ سراج الحق نے برطانیہ میں مقیم کشمیری اور پاکستانی کمیونٹی سے کہاکہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل کےلئے عالمی برادری میں مشترکہ آواز بلندکریں اور بھارتی وزیراعظم کے نومبر میں برطانیہ کے دورہ کے موقع پر بھر پور احتجاج کریں۔
سراج الحق

مزیدخبریں