کوئٹہ (نوائے وقت رپورٹ+ آن لائن+ صباح نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے بداہمداغ بگٹی کے بیان کو اہم پیشرفت قرار دیتے ہوئے دیگر بلوچ رہنماؤں کو بھی مذاکرات کی دعوت دے دی۔ ان کا کہنا ہے کہ وعدے کے مطابق جو بھی ہتھیار ڈالے گا اس کے تمام مقدمات ختم کریں گے۔ مالک بلوچ نے کہا کہ براہمداغ بگٹی کی جانب سے ریاستی اداروں کو تسلیم کرنے کا بیان اہم پیشرفت ہے، میں نے پہلے جان بوجھ کر اے پی سی نہیں بلائی تھی اور ایسی اے پی سی بلانا بھی نہیں چاہتا تھا جو بیک فائر کرے میری خواہش ہے کہ دیگر بلوچ رہنماؤں سے بھی رابطہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم سے جلد رابطہ کروں گا، مذاکراتی عمل اب آگے بڑھے گا، آج بھی اپنے وعدے پر قائم ہوں کہ جو بھی ہتھیار ڈالے گا اس کے تمام مقدمات ختم کردئیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وفاق کے تعاون سے بلوچستان کے حالات بہتر ہو رہے ہیں۔ بلوچستان میں بدامنی کے پیچھے بھارت ملوث ہے۔ نواب اکبر بگٹی پاکستان نواز سیاستدان تھے۔ فراریوں کا ہتھیار ڈالنا خوش آئند ہے۔