لاہور (کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر شیخ محمد ارشد نے بارڈرز پر سمگلنگ روکنے کے لیے ٹھوس اقدامات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس مسئلے پر قابو پاکر بہت سے معاشی مسائل سے نجات حاصل کی جاسکتی ہے، مارکیٹوں کے باہر ناکے لگاکر یا بلاوجہ تاجروں کا مال روکنا وقت کے ضیاع اور تاجروں کو تنگ کرنے کے علاوہ اور کچھ نہیں۔ ایک بیان میں لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ سمگلنگ کی روک تھام کرکے بجٹ اور تجارتی خسارے میں نمایاں کمی لائی جاسکتی ہے جبکہ مقامی صنعت بھی ترقی کرے گی ۔لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ سمگل شدہ مال کی چیکنگ کے نام پر مارکیٹوں کے باہر ناکے لگاکر تاجروں کو پریشان و ہراساں کرنا سمگلنگ کے مسئلے کا کوئی حل نہیں ہے، اس ناسور پر قابو پانے کے لیے ضروری ہے کہ سرحدوں پر چیکنگ کا نظام موثر بنایا جائے تاکہ کوئی بھی چیز غیرقانونی طور پر ملک میں داخل نہ ہونے پائے۔ انہوں نے کہا کہ سمگلنگ ایک بہت بڑا معاشی مسئلہ بن چکی ہے جس پر قابو پانے کے لیے فوری اور تیز تر اقدامات اٹھانا ہونگے۔