نئی دہلی( اے این این+ صباح نیوز ) ایران نے بھارت پرزوردیاہے کہ مقبوضہ کشمیرمیں تحمل کامظاہرہ کرے،لوگوں کی بہترخدمت وران کااحساس محرومی دورکرناریاست میں استحکام کےلئے اہم ثابت ہوسکتاہے۔ ایران کی اعلیٰ قومی سلامتی کونسل کے سیکرٹری علی شمخانی نے گزشتہ رو ز نئی دہلی میں بھارت کے قومی سلامتی کے مشیر اجیت دو ل سے ملاقات کی ۔ شمخانی نے کہاکہ امن و استحکام برقرار رکھنے کے لئے دہشت گردی اور دہشت گردی کے حامی ملکوں کے خلاف جنگ عالمی برادری کی اہم ترین ذمہ داری ہے۔ افغانستان میں امن و استحکام میں نئی دہلی کے ساتھ تعاون کو فروغ دینے کے لئے آمادگی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ نئے اور وسیع دفاعی تعاون کے مشترکہ کمشن کو دوبارہ فعال بنانے سے دونوں ملکوں کے دفاعی شعبوں کے تعلقات کو بہتر بنانے کے لئے بہترین موقع فراہم ہوا ہے۔ ایران اور بھارت کے قریبی اور تعمیری روابط سے بعض علاقائی اور عالمی طاقتوں کی ناراضگی نے دونو ں طرف احتیاط اور باہمی تعلقات کو خراب کرنے والے عناصر کا مقابلہ کرنے کو ناگزیر بنا دیا ہے۔ چابہار بندرگاہ علاقے کے ملکوں کے مابین سیاسی سیکورٹی اور اقتصادی تعاون کے لئے بہترین مرکز بن سکتی ہے۔ بھارتی قومی سلامتی کے مشیر نے وزیراعظم مودی کے دورہ ایران کے دوران طے پانے والے سمجھوتوں کاذکر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں کے پاس سائبر سپیس کے شعبے میں تعاون کے حوالے سے جو توانائیاں پائی جاتی ہیں ان کے پیش نظر بھارت اس شعبے میں ایران کے ساتھ سٹریٹجک تعلقات کی بنیاد رکھنا چاہتا ہے۔ سیاسی سیکورٹی اور اقتصادی میدانوں میں ایران، بھارت، چین اور روس کے درمیان سٹریٹجک مذاکرات کی تقویت کا بھارتی حکومت کی جانب سے خیر مقدم کئے جانے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مشترکہ دفاعی کمشن کو دوبارہ سرگرم بنائے جانے سے اس سلسلے میں بھی مذاکرات کے نئے دور کے آغاز کےلئے حالات فراہم ہوں گے۔
ایران