واشنگٹن (نمائندہ خصوصی) امریکہ میں پاکستانی سفیر جلیل عباس جیلانی نے نیوکلیئر سپلائرز گروپ میں پاکستان کی رکنیت کیلئے لابنگ تیز کر دی ہے۔ پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں بتایا گیا کہ این ایس جی کی ممبرشپ کیلئے جلیل عباس جیلانی وائٹ ہائوس، محکمہ خارجہ کے دوروں اور کانگریس کے اہم رہنمائوں اور تھنک ٹینک سے ملاقاتوں میں مصروف ہیں اور پاکستان کے حق میں رائے سازی کیلئے بھرپور اقدامات کر رہے ہیں۔ بیان کے مطابق جلیل عباس جیلانی نے امریکی قیادت کو یقین دہانی کروائی ہے کہ بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والے تھیاروں کی روک تھام پر پاکستان عالمی تحفظات کو درست سمجھتا ہے اور اس کے این ایس جی میں شمولیت عالمی سکیورٹی کو بڑھانے کے حوالے سے درست سمجھتا ہے اور اس کے این ایس جی میں شمولیت عالمی سکیورٹی کو بڑھانے کے حوالے سے درست فیصلہ ثابت ہو گی۔ انہوں نے زور دیا ہے کہ پاکستان کو این ایس جی رکنیت دینے سے اس گروپ کی طاقت میں اضافہ ہو گا اور صحت، زراعت اور توانائی کے شعبوں میں نیوکلیئر ٹیکنالوجی کے استعمال کے حوالے سے پاکستان کی استعداد بھی بڑھ جائے گی۔ پریس ریلیز کے مطابق پاکستان کی ایکسپورٹ کنٹرول لسٹ این ایس جی، میزائل ٹیکنالوجی کنٹرول لسٹ اور آسٹریلیا گروپ کے فہرستوں سے ہم آہنگ ہے۔ ایکسپورٹ کنٹرول لا کی تمام شقوں سے ہم آہنگی کی بنیاد پر ایکسپورٹ کی جانے والی اشیاء کے بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں کی تیاری یا ڈلیوری میں استعمال کئے جانے کا کوئی امکان نہیں۔