ٹرمپ دماغی طور پر غیر متوازن:ہلیری ‘ آپ تھرڈ کلاس سیاستدان ہیں: ریپبلیکن امیدوار

واشنگٹن (صباح نیوز+ نیٹ نیوز+ اے ایف پی+نمائندہ خصوصی) ہلیری کلنٹن نے ٹرمپ کودماغی طور پر غیر متوازن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ٹرمپ نے انتخابی مہم کی بنیاد ہی تعصب پر رکھی۔ دوسری جانب ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی جوابی وار کرتے ہوئے ہلیری کو تیسرے درجے کی سیاستدان قرار دیدیاہے۔ امریکی ریاست نیواڈا کے شہر رینو میں اپنی انتخابی مہم میں ہلیری کلنٹن نے ٹرمپ پر کئی جوابی حملے کیے، ان کا کہنا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ نسلی امتیاز میں اپنا ثانی نہیں رکھتے، وہ اقدار جو امریکہ کو ایک عظیم ملک بناتے ہیں ٹرمپ ان کو یکسر نظر انداز کرتے ہیں جو ملک کے لیے خطرناک ثابت ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ ریپبلکن صدارتی امیدوار نفرت پر مبنی تحریک چلانے کی کوشش کررہے ہیں۔دوسری جانب امریکی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے ٹرمپ نے ہلیری کلنٹن کی تنقید پر ردعمل میں کہا کہ ہلیری ایک تھرڈ کلاس سیاست دان ہیں ،جو صرف باتیں بناتی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ انتخابی مہم صرف محبت پر مبنی ہے اور وہ ملک کو مضبوط دیکھنے کے خواہشمند ہیں۔ دوسری جانب ہلیری کلنٹن کی ڈونلڈ ٹرمپ بر برتری 12 پوائنٹس سے گر کر 5 پوائنٹس رہ گئی ہے۔ رواں ماہ ڈیمو کریٹکصدارتی امیدوار ہلیری کلنٹن کے مقابلے میں اپنی مقبولیت میں واضح کمی پر کافی حد تک قابو پانے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔امریکی صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کو صحتمند قرار دینے والے انکے ذاتی معالج ڈاکٹر نے کہا ہے کہ اس نے ریپبلکن صدارتی امیدوار کو خوش کرنے کیلئے جلد بازی میں یہ نوٹ لکھا۔ این بی سی سے بات کرتے ہوئے نیویارک کے ڈاکٹر ہارولڈ بورنسٹین نے کہا کہ ریپبلکن امیدورار انتہائی جلدی میں تھے، انکی کار انتظار کر رہی تھی اس لئے انہوں نے صرف 4 سے 5 لائنیں لکھیں تاکہ ٹرمپ خوش ہوجائیں، تاہم ڈاکٹر ہارولڈ کا کہنا تھا کہ انکے لکھے گئے نوٹ کی زبان سمجھنے میں مبالغہ آرائی سے کام لیا گیا۔ تازہ ترین سروے کے مطابق ڈیموکریٹک امیدوار ہلیری ٹرمپ پر برتری صرف 5 پوائنٹس رہ گئی۔ ہلیری 41 اور ٹرمپ کے 36 پوائنٹ ہیں۔مسلمان میوزیشن بش ڈی جے خالد نے ہلیری کو ووٹ دینے کا اعلان کیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن