اسلام آباد + لاہور (آئی این پی+ خبر نگار) سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ہم کبھی بھی عدالتوں سے نہیں بھاگے‘ انتقام کا نشانہ بننے کے باوجود قانونی راستہ اختیار کیا۔ مقدمات میں عدالتوں میں گئے‘ وہیں سے انصاف ملا‘ نوازشریف بھی عدالتوں سے بھاگنے کی بجائے سامنا کریں۔ اتوار کو آصف علی زرداری سے ارباب عالمگیر‘ عاصمہ ارباب‘ حاجی نواز کھوکھر‘ انور سیف اللہ‘ ہمایوں خان‘ رحیم داد خان اور فیصل کنڈی نے ملاقات کی۔ رہنماﺅں نے آصف زرداری کو نیب مقدمے میں بریت پر مبارکباد دی۔ اس موقع پر آصف زرداری نے کہا جھوٹے مقدمات سیاسی انتقام کیلئے بنائے گئے پھر بھی سامنا کیا۔ ہم کبھی بھی عدالتوں سے نہیں بھاگے۔ انہوں نے کہا انتقام کا نشانہ بننے کے باوجود قانونی راستہ اختیار کیا۔ سیاسی مخالفین کے بنائے مقدمات میں عدالتوں میں گئے وہیں سے انصاف ملا۔ نوازشریف بھی عدالتوں سے بھاگنے کی بجائے سامنا کریں۔ اگر کچھ نہیں کیا تو عدالتوں سے بھاگ کیوں رہے ہیں۔ آصف زرداری نے کہا کہ یہ اللہ پاک کا کرم ہے اور آج جیالے سرخرو ہوئے ہیں۔ ہم نے صبر اور حوصلے سے جھوٹے الزامات لگانے والوں کا مقابلہ کیا۔ پیپلزپارٹی کے کارکنوں کے سر فخر سے بلند ہیں۔ علاوہ ازیں آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو نے سینیٹر سحر کامران کی والدہ اور سابق وفاقی وزیر خالد خان کھرل کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ مزید برآں پیپلزپارٹی پنجاب کے صدر قمرالزمان کائرہ اور سیکرٹری اطلاعات مصطفی نواز کھوکھر نے عمران خان کے آصف زرداری کے خلاف بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آصف زرداری عدالت سے سرخرو ہوئے ہیں۔ انہیں عمران کی سند نہیں چاہئے۔ پنجاب میں پیپلزپارٹی کے جلسے دیکھ کر عمران بوکھلا گئے ہیں۔ عمران خان ریڈ لائن کراس نہ کریں۔ عمران خان کی پریشانی سمجھ میں آتی ہے۔ پیپلزپاٹی عمران کے سامنے سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ نوازشریف کے بعد اب عمران خان نااہل ہونگے۔ عمران خان نے طرز سیاست نہ بدلا تو پیپلزپارٹی خاموش نہیں رہے گی۔ عدالتوں کا بھگوڑا عمران خان کس منہ سے قانون کی بات کر رہا ہے۔ عمران خان اداروں کو ڈکٹیشن دینا بندکریں اور خود اپنے مقدمات کا سامنا کریں۔ عمران خان خود تو مشرف دور میں آٹھ دن جیل کاٹ نہ سکے اور معافی مانگ کر باہر آئے۔