جنوبی وزیرستان کے علاقے انگور اڈا کے قریب برمل میں بارودی سرنگ کے ایک دھماکے میں پاک فوج کے دو سپاہی شہید اور تین زخمی ہوگئے

Aug 28, 2017

اسلام آباد/ کوئٹہ/ ٹوبہ/ ڈیرہ اسماعیل خان (نوائے وقت رپورٹ+ بیورو رپورٹ+نامہ نگار) وفاق کے زیرکنٹرول قبائلی علاقے (فاٹا) میں جنوبی وزیرستان کے علاقے انگور اڈا کے قریب برمل میں بارودی سرنگ کے ایک دھماکے میں پاک فوج کے دو سپاہی شہید اور تین زخمی ہوگئے۔ سیکورٹی حکام کے مطابق علاقہ برمل سراکنڈی میں سیکورٹی فورسز کی گاڑی معمول کی گشت پر تھی اس دوران سڑک کے کنارے نصب بارودی سرنگ کا دھماکہ ہوا۔ زخمی اہلکاروں کو طبی امداد کے لیے فیلڈ ہسپتال وانا منتقل کیا گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق آپریشن ردالفساد کے دوران سکیورٹی فورسز نے سرچ آپریشن کیا اس دوران دھماکہ ہوا۔ شہید اہلکاروں کی شناخت سپاہی عطاالرحمٰن اور سپاہی عمران علی کے نام سے ہوئی ہے۔ سکیورٹی فورسز کی جانب سے سرچ آپریشن شروع کردیا ہے تاہم تاحال کوئی گرفتاری رپورٹ نہیں ہوئی۔ بیورو رپورٹ کے مطابق ایف سی بلوچستان نے آپریشن ردالفساد کے تحت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں کارروائیوں اور فائرنگ کے تبادلے میں دو دہشتگرد ہلاک ہو گئے جبکہ دو سہولت کار گرفتار ہوئے اور بڑی تعداد میں اسلحہ وگولہ برآمدکرلیا گیا۔ ایف سی ذرائع کے مطابق ایف سی بلوچستان نے کاحان، ڈیرہ بگٹی، چھتر میں دہشتگردوں کی پناہ گاہوں پر چھاپے مارے اور دو دہشتگرد ہلاک جبکہ دہشتگردوں کے چار کیمپ تباہ کر دیئے۔ ذرائع کے مطابق ایف سی بلوچستان نے تربت میں دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے دو دہشتگردوں کے دو سہولت کاروں کو گرفتار کرکے بڑی تعداد میں اسلحہ اور بارود برآمد کرلیا مذکورہ مواد تربت میں دہشتگردی کی کارروائیوں کیلئے لے جایا جارہا تھا تمام گرفتار افراد کو نامعلوم مقام پر منتقل کرکے ان سے تفتیش شروع کردی گئی۔ این این آئی کے مطابق پنجاب رینجرز، پولیس اور انٹیلی جنس ایجنسیوںنے فیصل آباد اور اسلام آباد میں آپریشنز کر کے 14مشتبہ افراد کو گرفتار ¾ غیر قانونی اسلحہ اور گولہ بارود بر آمد کرلیا ۔ اتوار کوآئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان رینجرپنجاب نے کاﺅنٹر ٹیرازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) پولیس اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کے ہمراہ فیصل آباد اور اسلام آباد کے نواحی علاقوں میں آپریشنز کئے۔ کارروائیوں کے دور ان 200 سیل فون بھی برآمد کئے گئے جنہیں زیر زمین چھپایا گیا تھا۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ سے نامہ نگار کے مطابق نواحی چک نمبر 330ج ب (سیووال) میں کمبائنڈ جنرل سرچ آپریشن کے دوران دو ہزار سے زائد گھروں کی تلاشی کے دوران 10 مشکوک افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ اس دوران چھیاسی 30 بور پسٹل، تین 12 بور بندوقیں، اُنیس 12 بور پسٹل، 7 ایم ایم اور کاربین پرانے موبائل سیٹ سے بھری بوری سمیت دیگر اسلحہ بھی برآمد ہوا۔ڈیرہ اسماعیل خان سے نامہ نگار کے مطابق سرچ اینڈ سٹرائیک ٹارگٹ آپریشن کے دوران پولیس اہلکاروں نے بائیو میٹرک سسٹم کے ذریعے آٹھ سو مکانات کو چیک کیا دوران چیکنگ پچیس مشکوک افراد کو گرفتار کیا گیا جبکہ غیر قانونی اسلحہ بھی برآمد ہوا۔
جوان شہید

مزیدخبریں