ہم وطن عزیز کی سالمیت پر کسی قسم کا کمپرومائیز نہیں کریں گے امریکہ دھمکیوں پر پاکستانی قوم سے معذرت کرے دفاع پاکستان کونسل

Aug 28, 2017

اسلام آباد/ لاہور (خصوصی نمائندہ + خصوصی نامہ نگار) دفاع پاکستان کونسل کے قائدین نے دفاع پاکستان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ دھمکیوں پر پاکستانی قوم سے معذرت کرے۔ امریکی نائب وزیر خارجہ کو پاکستان کا دورہ کرنے سے روکا جائے۔ ہم وطن عزیز کی سالمیت پر کسی قسم کا کمپرومائیز نہیں کریں گے۔ امریکہ اور بھارت پاکستان دشمنی میں ایک ہو چکے، امریکہ سے تعلقات پر نظرثانی کی جائے۔ پاکستان کا بچہ بچہ وطن عزیز کے دفاع کے لئے جانیں قربان کرنے کو تیار ہے۔ امریکہ نیوکلیئر پاور ہے تو پاکستان بھی نیو کلیئر پاور ہے۔اکیس کروڑ عوام افواج پاکستان کے شانہ بشانہ ملک کے دفاع میں ساتھ ہوں گے۔اب کسی نے ملک کی سالمیت کے خلاف سازش کی تو قوم اسے ملک میں نہیں رہنے دے گی۔دفاع پاکستان کونسل امریکی دھمکیوں کے خلاف تحریک جاری رکھے گی۔ پاکستان کی عوام، فوج، سیاسی جماعتیں دفاع کے نقطے پر متحد ہیں۔ ان خیالات کا اظہارحافظ عبدالرحمان مکی،سردار عتیق احمد، سید ظفر علی شاہ، پیر سید ہارون علی گیلانی، عبداللہ حمید گل، احمد رضا قصوری، علامہ ابتسام الہیٰ ظہیر، سید محمد یوسف شاہ، سید ضیاءاللہ شاہ بخاری، میاں محمد اسلم، علامہ محمد زوار حیدر، پیر عظمت سلطان، محمد اقبال فاروقی، محمد اجمل بلوچ، سید عبدالوحید شاہ، شفیق الرحمان، عبدالرحمان، ابو ولید و دیگر نے اسلام آباد پریس کلب کے سامنے دفاع پاکستان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس میں جڑواں شہروں سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ قبل ازیں مرکز قبا آئی ایٹ سے پریس کلب تک ریلی نکالی گئی جس کی قیادت دفاع پاکستان کونسل کے قائدین نے کی۔ ریلی کے شرکاءمیں زبردست جوش و خروش دیکھنے میں آیا۔ شرکاءامریکہ و انڈیا کے خلاف شدید نعرے بازی کر رہے تھے۔ ریلی کے شرکاءنے پاکستانی پرچم بھی اٹھا رکھے تھے۔ اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ جماعة الدعوة شعبہ سیاسی امور کے سربراہ پروفیسر حافظ عبدالرحمان مکی نے کہا کہ ہر پاکستانی غم و غصہ سے دوچار ہے جب امریکی صدر ٹرمپ نے پاکستان کو جنگ کی دھمکی دی۔ حکومت سے پرزور مطالبہ کرتے ہیں کہ امریکی سفیر کو دفتر خارجہ میں طلب کیا جائے، اقوام عالم کے پروٹوکول کے مطابق امریکی رویئے پر شدید احتجاج کر کے جب تک امریکہ معذرت نہ کرے سفیر کو ملک سے نکلنے کا حکم دیا جائے۔امریکی صدر کو پاکستانی قوم سے معافی مانگنے تک سفارتخانے و قونصل خانے بند کر دینے چاہئے۔ بھارت کو افغانستان میں رول دیئے جانے کے بعد بھارتی طیاروں کے لئے پاکستانی فضائی حدود کے استعمال پر پابندی لگائی جائے۔نیٹو کی سپلائی سامان حرب و ضرب،خوراک سب بند کیا جائے۔ دفتر خارجہ نے ابھی تک قومی غیرت کا مظاہرہ نہیں کیا۔ امریکہ کے تمام شہروں میں قونصل خانے بند کئے جائیں۔ وزیر خارجہ امریکہ کا دورہ مو¿خرکرنے کی بجائے منسوخ کرنے کا اعلان کریں۔ ہمارے مطالبات نہ مانے گئے اور امریکیوں سے معذرت نہ کرائی گئی تو دفاع پاکستان کونسل تاریخی دھرنے دے گی۔ مسلم کانفرنس آزاد کشمیر کے صدر سابق وزیر اعظم سردار عتیق احمد خان نے کہا پاکستان پر مشکل وقت نہیں آیا۔ بھارت کو معلوم ہونا چاہئے ہم زندہ قوم ہیں۔ بھارت اندر سے کھوکھلا ہو چکا ہے اسی لئے امریکا اس کو افغانستان میں رول دینا چاہتا ہے۔ انہوں نے پاکستان زندہ باد، افواج پاکستان زندہ باد،کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے لگوائے۔مسلم لیگ (ن) کے رہنما ظفر علی شاہ نے کہا دفاع پاکستان کونسل کے ارکان کی تعداد اکیس کروڑ ہے۔ پاکستان کی خارجہ پالیسی کو درست کیا جائے۔ حافظ محمد سعید کو رہا کیا جائے۔ہدیة الھادی پاکستان کے چیئرمین پیر سید ہارون علی گیلانی نے کہا کہ بھارت، امریکہ واسرائیل پاکستا ن کے دشمن ہیں۔ اب کسی نے ملک کی سالمیت کے خلاف سازش کی تو پھر یہ قوم نہ صرف ایوانوں بلکہ ملک سے بھی نکال دے گی۔ ریمنڈ ڈیوس کے شاگرد جلد پابند سلاسل ہوں گے اور حافظ محمد سعید جلد رہا ہوں گے۔تحریک جوانان پاکستان کے چیئرمین عبداللہ حمید گل نے کہا کہ پاکستان پر جب بھی کسی نے انگلی اٹھائی تو سب سے پہلے جماعة الدعوة میدان میں نکلی۔ امریکہ میدان میں شکست کھا چکا اور پھر بھی فتح کی امید رکھتا ہے۔شکست کا ملبہ پاکستان پر ڈالا جا رہا ہے۔ ڈومور کی بجائے نو مور کی پالیسی اپنانی چاہئے۔ آل پاکستان مسلم لیگ کے رہنما احمد رضا قصوری نے کہا کہ ٹرمپ کی پالیسیاں امریکہ کے لئے بھی نقصان دہ ہیں۔ مضبوط دفاعی و خارجہ پالیسی بنائیں۔جمعیت اہلحدیث کے ناظم اعلیٰ علامہ ابتسام الٰہی ظہیر نے کہا کہ ہم آزاد ہیں اور یہ آزادی ہمیں قائداعظم، علامہ اقبال کی قیادت میں لاکھوں قربانیوں کے بعد ملی۔ ہماری گردنیں کٹ تو سکتی ہیں مگر امریکہ کے سامنے نہیں جھک سکتیں۔ جمعیت علماءاسلام (س) کے رہنما سید محمد یوسف شاہ نے کہا کہ ٹرمپ کی دھمکی کے بعد دفاع پاکستان کونسل نے سب سے پہلے میدان میں آکر تمام الزامات کو مسترد کیا اور امریکہ کو پیغام دیا کہ ہم پاکستان کے دفاع،سالمیت،استحکام کے لئے سب ایک ہیں اور پاک فوج کے شانہ بشانہ رہیں گے۔ متحدہ جمعیت اہلحدیث کے امیر سید ضیاءاللہ شاہ بخاری نے کہا کہ پاکستان کی فوج دنیا کی سب سے بہترین فوج ہے۔ جنرل قمر جاوید باجوہ کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے ہر محاذ پر دشمن کو منہ توڑ جواب دیا۔جماعت اسلامی کے نائب امیر میاں محمد اسلم نے کہا کہ امریکہ ویتنام میں اپنا انجام دیکھے۔ ایٹم الماری میں سجانے کے لئے نہیں بلکہ دشمن کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لئے بنایا گیا ہے۔متحدہ تحریک اسلامی کے سیکرٹری جنرل علامہ زوار حیدر، تحریک پنجتن پاک کے رہنما پیر عظمت سلطان،انصار الامة کے مرکزی رہنما محمد اقبال فاروقی، انجمن تاجران کے صدر محمد اجمل بلوچ، سول سوسائٹی کے چیئرمین راجہ ظفر اقبال،دفاع پاکستان کونسل کے رہنماسید عبدالوحید شاہ، جماعة الدعوة اسلام آباد کے مسﺅل شفیق الرحمان،جماعة الدعوة راولپنڈی کے مسﺅل عبدالرحمان،جماعة الدعوة ہزارہ زون کے مسﺅل ابو ولیدنے کہا کہ پاکستان کے دشمنوں کو بتانا چاہتے ہیں کہ پاکستان آزاد اور ایٹمی ملک ہے۔پاکستان کابچہ بچہ وطن عزیز پر جانیں قربان کرنے کے لئے تیار ہے۔امریکہ نے پاکستان میں آنے کی غلطی کی تو اسکا یہاں قبرستان بنے گا۔
دفاع پاکستان کانفرنس

مزیدخبریں