لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کے سابق ٹیسٹ کرکٹر مشتاق احمد نے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کی جانب سے باؤلنگ کوچ بننے کی درخواست پر معذرت کرلی۔ذرائع کے مطابق بی سی بی نے پاکستان ٹیم کے سابقہ لیگ اسپنر سے رابطہ کیا اور انہیں بین الاقوامی کرکٹ ٹیم کا باؤلنگ کوچ بننے کی پیشکش کی۔مشتاق احمد نے بی سی بی کی اس پیشکش پر معذرت کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان میں ہی اپنی ذمہ داریاں نبھانا چاہتے ہیں۔ مشتاق احمد اس وقت نیشنل کرکٹ اکیڈمی (این سی اے) میں ہیڈ کوچ کی ذمہ داریا ںنبھارہے ہیں، تاہم ذرائع کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ مستقبل قریب میں قومی کرکٹ ٹیم کا حصہ بھی بن سکتے ہیں۔خیال رہے کہ مشتاق احمد 2008 میں انگلینڈ کی ٹیم کے ساتھ بطور باؤلنگ کوچ منسلک ہوئے اور 6 سال تک اپنی خدمات انجام دیتے رہے۔اسی دوران انگلینڈ کی ٹیم 2010 میں ہونے والے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں کامیابی حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی تھی، جبکہ انہی کے دور میں انگلینڈ کو گریم سوان جیسا ورلڈ کلاس باؤلر ملا تھا۔2014 میں انہیں پاکستان کرکٹ ٹیم کا باؤلنگ کنسلٹنٹ مقرر کردیا گیا تھا، تاہم 2016 میں انہیں اس عہدے سے ہٹادیا گیا تھا لیکن اس کے ساتھ ہی انہیں این سی اے میں ہیڈ کوچ مقرر کردیا تھا۔
مشتاق احمد نے بنگلہ دیشی کوچ بننے کی پیشکش ٹھکرادی
Aug 28, 2018