لاہور (کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ملک طاہر جاوید، سینئر نائب صدر خواجہ خاور رشید اور نائب صدر ذیشان خلیل نے توقع ظاہر کی ہے کہ پبلک سیکٹر انٹرپرائزز کی بحالی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہوگی ۔ لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ ایک رپورٹ کے مطابق پبلک سیکٹر انٹرپرائزز کا مجموعی خسارہ 1.2ٹریلین روپے تک جا پہنچا ہے، ایک ترقی پذیر ملک، جس کا بیرونی قرضہ 90بلین ڈالر ہو اور بے شمار معاشی مسائل ہوں ، نقصان دہ اداروں پر اتنی بڑی رقم خرچ کرنے کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پبلک سیکٹر انٹرپرائزز ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں اور معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں مگر اس کے برعکس قومی خزانے پر بہت بڑا بوجھ بنے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ا مریکہ ، انگلینڈ اور جاپان جیسی بڑی معاشیات کی ترقی میں پبلک سیکٹر انٹرپرائزز کا کردار بہت اہمیت کا حامل ہے ۔ لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ پبلک سیکٹر انٹرپرائزز کی بہتری کیلئے معاشی ماہرین کے ساتھ مشاورت سے نئی حکمت عملی ترتیب دینے کی ضرورت ہے تاکہ یہ معاشی بحالی میں ٹھوس کردار ادا کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ ان پبلک سیکٹر انٹرپرائزز کے خسارے کا خمیازہ ٹیکس دہندگان کو بھگتنا پڑتا ہے کیونکہ یہ ادارے ان کے ٹیکسوں سے چلائے جارہے ہیں، اس پیسے کو ضیاع سے بچانے کے لیے حکومت کو پبلک سیکٹرز کی بحالی کے لیے فوری اقدامات اٹھانا ہونگے۔